بلدیہ اندور کی جانب سے ملازمین کا پتہ چلانے کیلئے جی پی ایس سے لیس دستی گھڑیوں کی تقسیم

اندور ۔ 7 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایک عہدیدار کے مطابق اندور میونسپلٹی اپنے ملازمین میں 10 ہزار دستی گھڑیاں جو جی پی ایس سسٹم سے لیس ہوں گی، فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کام کے دوران ان کا پتہ بتائے گی۔ بلدیہ کمشنر مسٹر اشیش سنگھ نے بتایا کہ اس کا مقصد ملازمین کی کارکردگی کو بڑھانا اور ان کی حاضری پر نظر رکھنا ہے۔ جاریہ سال مارچ میں اندور کو ہندوستان کا سب سے صاف ستھرا شہر چنا گیا تھا۔ اس کے علاوہ کچرہ نکاسی کی 600 گاڑیوں کو بھی جی پی ایس سسٹم سے مربوط کیا جائے گا تاکہ ان کی نقل و حرکت کا پتہ لگایا جاسکے۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ ہمارے شہر کی نمبر ون پوزیشن کو ہم برقرار رکھنا چاہتے ہیں اور صاف ستھرائی کی دوسری خدمات میں بھی بہتری لانا چاہتے ہیں اور ان ترجیحات کے حصول کیلئے جی پی ایس طریقہ کار کو اپنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کمپنی کو 10 ہزار جی پی ایس سے لیس گھڑیوں کا آرڈر دیا جاچکا ہے جس کا ماہانہ کرایہ تین سو روپئے ہوگا اور آئندہ ہفتہ سے ان کی سپلائی شروع ہوجائے گی۔