بلدیہ انتخابات کے بعد ٹی آر ایس ۔ بی جے پی اتحاد

کانگریس کی جانب سے انتخابات کی تیاریاں جاری ، دامودر راج نرسمہا
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا نے مجلس کو احسان فراموش مفاد پرست قرار دیا ۔ گریٹر حیدرآباد کے میونسپل انتخابات کے بعد ٹی آر ایس بی جے پی سے اتحاد کرلینے کا دعویٰ کیا ۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس پارٹی گریٹر حیدرآباد کے بلدی انتخابات میں 100 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے گریٹر حیدرآباد کے انتخابات کی تیاریاوں کا آغاز کردیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں آج 6 اسمبلی حلقوں میں کانگریس پارٹی کے مقامی قائدین کا اجلاس منعقد ہوا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے ملکاجگری میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کی ۔ ورکنگ پریسیڈنٹ ملوبٹی وکرامارک نے اسمبلی حلقہ چارمینار اسمبلی حلقہ کاروان کے اجلاس قائد اپوزیشن اسمبلی کے جانا ریڈی اسمبلی حلقہ نامپلی میں منعقدہ اجلاس میں قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر اسمبلی حلقہ چندرائن گٹہ میں منعقدہ اجلاس میں کانگریس کے سینئیر قائد ڈی سرینواس اسمبلی حلقہ یاقوت پورہ منعقدہ اجلاس میں سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا اور دامودھر راج نرسمہا نے مہمان خصوصی شرکت کی ۔ ملکاجگری میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات کے پیش نظر چیف منسٹر تلنگانہ عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھاتے ہوئے پھر ایکبار انہیں دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔ عام انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے گئے ان میں ایک وعدہ کو بھی پورا نہیں کیا گیا ۔ اسمبلی حلقہ یاقوت پورہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دامودھر ریڈی نرسمہا نے مجلس کو مفاد پرست اور اقتدار کی لالچ جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجلس کی ترقی اور استحکام میں کانگریس کا رول ناقابل فراموش ہے ۔ تاہم مجلس کانگریس کی احسان مند رہنے کے بجائے احسان فراموشی کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی گود میں بیٹھ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف گریٹر حیدرآباد کے بلدی انتخابات تک ٹی آر ایس مجلس کے ساتھ رہے گی ۔ اس کے بعد ٹی آر ایس بی جے پی سے اتحاد کرلے گی ۔ حلقہ اسمبلی نامپلی میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ ناقابل بھروسہ ہیں ۔ علحدہ تلنگانہ کی تحریک میں بے شمار قربانیاں دینے والے طلبہ کے مفادات کو نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ تلنگانہ کی کئی یونیورسٹیز میں وائس چانسلرس کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں ۔ اسمبلی حلقہ چارمینار میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملو بٹی وکرامارک نے کہا کہ کانگریس نے اپنے 10 سالہ دور حکومت میں حیدرآباد کی ترقی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے ہیں تاہم چیف منسٹر تلنگانہ حیدرآباد کی اراضیات کو فروخت کررہے ہیں انہوں نے کے سی آر کو ہٹاؤ اور حیدرآباد کو بچاؤ کا نعرہ دیا ۔ اسمبلی حلقہ چندرائن گٹہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سرینواس نے کہا کہ کانگریس ہی سیکولر جماعت ہے ۔ دوسری جماعتیں ذات پات مذہب اور طبقہ کے نام پر عوام کو تقسیم کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہیں ۔۔