بروسلز۔23نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بلجیم کی پولیس نے کشیدگی کا شکار پورے بروسلز پر دھاوے کر کے کم از کم 21 افراد کو گرفتار کرلیا جب کہ باقی علاقہ میں سخت چوکسی کے تحت بند منایا گیا۔ پیرس میں وزیراعظم برطانیہ ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ وہ برطانیہ کی پارلیمانی منظوری حاصل کرنے کے بعد شام میں دولت اسلامیہ کے انتہا پسندوں پر حملوں میں شامل ہوجائیں گے ۔ حکومت بلجیم نے دارالحکومت کو سخت چوکسی کی حالت میں رکھا ہے ۔ جاریہ ہفتہ کے پہلے دن ہی سے واضح اور سنگین خطرے کے انسداد کیلئے پورے شہر میں سخت چوکسی اختیار کرلی گئی ہے ۔ یوروپی یونین کے کئی اہم ادارے اس شہر میں موجود ہیں ۔ ایک اور خبر کے بموجب پیرس دہشت گرد حملوں کے مشتبہ مجرم صلاح عبدالسلام کے بھائی نے آج کہا کہ اس کے خیال میں اس کا بھائی جہادیوں کے گروپ کا واحد زندہ بچ جانے والاشخص ہے جو پیرس کے قتل عام کے پس پردہ تھا ۔ اس سوال پر کہ کیا صلاح نے گروپ سے انحراف کیا تھا ‘ اس کے بھائی محمد عبدالسلام نے آر آئی بی ایف ٹیلی ویژن پر کہا کہ اسے صرف اس کی امید نہیںبلکہ یقین ہے ‘ اس کا بھائی ایک دانشورتھا اور اسے یقین ہے کہ آخری لمحہ میں اُس نے اپنا انداز فکر تبدیل کرلیا ہوگا اور مختلف راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہوگا ۔