بلجیم میں گرفتار مشتبہ شخص کو رہا کردیا گیا

بلجیم ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بروسلز حملوں کے سلسلہ میں ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا تھا لیکن خاطرخواہ ثبوت نہ ہونے کی بناء آج اسے رہا کردیا گیا۔ بلجیم کے پراسیکیوٹرس نے یہ بات بتائی۔ فیصل شیفو کو مجسٹریٹ کی جانب سے پوچھ تاچھ کے بعد آج رہا کردیا گیا۔ فیڈرل پراسیکیوٹر کے دفتر نے مزید تفصیلات بتائے بغیر یہ بیان جاری کیا ہے۔ اس سے پہلے میڈیا میں کہا گیا تھا کہ فیصل شیفو وہ تیسرا مشتبہ شخص ہے کو ٹوپی اور جیکٹ پہنے ہوئے تھا۔ اس پر دہشت گرد گروپ میں شامل رہنے اور دہشت گردانہ قتل اور اقدام قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ تحقیقاتی امور سے وابستہ قریبی ذرائع نے بتایا کہ استغاثہ اس پہلو کا جائزہ لے رہے تھے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں زوانتیم ایرپورٹ پر جن دو خودکش بمباروں کو دکھایا گیا ان کے ساتھ موجود تیسرا شخص یہی تھا  بلجیم پولیس نے آج چند سی سی ٹی وی تصاویر جاری کیں تاکہ مشتبہ شخص کی شناخت میں مدد مل سکے۔