بلجیم میں فلسطینی مملکت کوتسلیم کرنے کی تیاری

برسلز۔ 4 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) بلجیم کے حکمراں اتحاد نے فلسطینی مملکت کو تسلیم کرنے کی ایک قرارداد کا مسودہ تیار کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔ یہ قرارداد پیش آئند ہفتے پارلیمنٹ میں رائے شماری کیلئے پیش کی جائے گی۔ توقع ہے کہ پارلیمنٹ سے یہ قرارداد بھاری اکثریت کے ساتھ منظور ہو گی۔ بلجیم کے اخبار’’لو سوار‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایوان میں فلسطینی مملکت کی حمایت میں ارکان کی اکثریت ہے اور امکان ہے کہ فلسطینی مملکت کو تسلیم کرنے کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق بلجیم کی پارلیمنٹ میں فلسطینی مملکت کی حمایت میں قرارداد کی منظوری کے بعد بلجیم، سویڈن کے بعد فلسطین کو تسلیم کرنے والا دوسرا اہم یورپی ملک بن جائے گا۔