بلا لحاظ مذہب و ملت طلباء میں اسکالرشپ تقسیم، جمعیۃ علماء کا اقدام

ممبئی، یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جمعیۃ علماء ہند (ارشد مدنی) نے حسب سابق عمل کرتے ہوئے آج ممبئی میں جہاں سیکڑوں مسلم طلباء کو تعلیمی وظائف دیئے، وہیں ایک درجن سے زائد مستحق غیر مسلم طلباء کو بھی تعلیمی وظائف تقسیم کئے جس کی ستائش جنوبی ممبئی کے ڈونگری ڈیویژن کے اسسٹنٹ پولس کمشنر منگیش پوٹے اور سینئر کانگریس رکن اسمبلی عارف نسیم خان و مقامی رکن اسمبلی امین پٹیل نے کی۔ ریاستی جمعیۃ علماء کی جانب سے منعقدہ اس تقریب میں آج معزز مہمانان کے ہاتھوں پہلے مرحلہ میں 103 طلباء میں 24 لاکھ روپئے کے چیک تقسیم ہوئے جن میں پرائمری سے لیکر اعلی تعلیم حاصل کررہے اسٹوڈنٹس شامل ہیں۔ اس موقع پر سینئر کانگریس لیڈر محمد عارف نسیم خان اور رکن اسمبلی امین پٹیل نے جمعیۃ علماء کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی اور دیگر کی ستائش کی اور کہا کہ جمعیۃ جہاں قوم کے مختلف مسائل کے حل کیلئے چٹان بن کر کھڑی رہتی ہے وہیں برادران وطن کی تکالیف اور ان کے مسائل کا بھی وہ لحاظ رکھتی ہے اور ان کا تعاون کرتی ہے ۔تقریب میں موجود اے سی پی منگیش پوٹے نے چیک تقسیم کرتے ہوئے طلباء اوران کے سرپرستوں کو تلقین کی کہ وہ تعلیم حاصل کرنے میں اپنا دھیان مرکوز کریں اور قوم ملت اور ملک کی خدمت میں اپنے آپ کو پیش کریں۔جمعیۃ کے قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں 24 لاکھ روپئے تقسیم کئے گئے ہیں اور اس سال کا تخمینہ 80 لاکھ روپئے تک پہنچنے کی امید ہے ۔اس موقع پر جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ اسلام نے تعلیم پر خاص زور دیا ہے ۔ فرشتوں پر انسانوں کی برتری علم کی وجہ سے ہے اور پیغمبر اسلام صلعم پر جو پہلی وحی آئی اس میں بھی تعلیم کا تذکرہ ہے ۔ یہ حکم عام انسانوں کیلئے ہے، مسلمانوں کے لئے بطور خاص نہیں۔ جمعیۃ علماء شرعی حدود میں رہتے ہوئے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں کوبھی تعلیمی وظائف اس لئے دیتی ہے کہ سماج میں تعلیم عام ہو جس کے نتیجے میں انسانیت کا بھلا ہو۔ جمعیۃ علماء مہاراشٹرا کے صدر مولانا مستقیم احسن اعظمی، خازن مفتی محمد یوسف، دلیپ شندے سینئر انسپکٹر، ایڈوکیٹ انصار تنبولی، ایڈوکیٹ شاہد ندیم انصاری و دیگر کے ہاتھوں طلباء میں چیک تقسیم کئے گئے۔