بلاول والد سے ناراض ، پاکستان واپسی سے انکار

لاہور۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پی پی پی چیرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان سے بدستور دُور ہیں جبکہ ان کی والدہ اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی برسی میں آج سارے پاکستان میں منائی گئی، جس سے ایسی باتوں کو تقویت ملتی ہے کہ وہ اپنے والد آصف علی زرداری کے ساتھ کچھ سخت اختلافات رکھتے ہیں۔ اگرچہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پیٖ) کے شریک صدرنشین زرداری اپنے ’برہم‘ فرزند کو منانے کیلئے لندن گئے تھے کہ وطن لوٹ آئیں تاکہ وہ آج گڑھی خدابخش میں برسی تقریب میں شریک ہوسکیں لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی۔ اس برسی تقریب میں عدم شرکت کے تعلق سے بلاول کی طرف سے کوئی بات سامنے نہیں آئی۔ بے نظیر بھٹو کے 2007ء میں قتل کے بعد سے یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ان کے فرزند نے اپنی ماں کی برسی پر ملک سے دُور رہنا پسند کیا۔ اگرچہ پی پی پی نے ’سکیورٹی خدشات‘ کی بات کہی ہے لیکن بلاول کی غیرحاضری ان کے والد کیساتھ پارٹی اُمور کے بارے میں ان کے اختلافات کے تعلق سے عام قیاس آرائی کو اُبھارتے ہیں۔