بلاول بھٹو کو لشکرجھنگوی کی دھمکی، تحقیقات کا حکم

کراچی ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان پیپلز پارٹی کے لیڈر بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہیکہ انہیں ممنوعہ دہشت گرد گروپ لشکر جھنگوی کی طرف سے جان کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ بلاول کی شکایت پر سرکاری حکام نے اس مسئلہ پر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور مقتول وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے فرزند بلاول نے کل رات ٹوئیٹر پر لکھا تھا کہ ’’لشکرجھنگوی سے دھمکیاں موصول ہورہی ہیں۔ اگر شریف انہیں (جھنگوی کو) تحفظ فراہم کرتے رہیں گے اور کارروائی سے انکار کرتے رہیں گے تو حکومت پنجاب لشکرجھنگوی کے حملوں کیلئے ذمہ دار ہوگی‘‘۔ صوبہ پنجاب کے چیف منسٹر شہباز شریف نے بلاول کے ٹوئیٹ کا فی الفور نوٹ لیا اور انسپکٹر جنرل کو تحقیقات کا حکم دیا۔ زرداری خاندان کی رہائش گاہ بلاول ہاؤز کے ایک ترجمان نے کہاکہ لشکرجھنگوی کی دھمکیوں کے بعد 25 سالہ بلاول اور ان کی بہنوں کی سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔