دکھ درد بانٹنے پرہی سماج میں انقلاب آئے گا ‘ سدی پیٹ میں خدمت سوسائٹی کا افتتاح ‘ ٹی ہریش راؤ اور جناب عامر علی خان کا خطاب
سدی پیٹ ۔ 25جولائی ( سیاست نیوز ) خدمت خلق کے جذبہ سے جو بھی کام کا آغاز کیا جاتا ہے وہ یقیناً کامیاب ہوتا ہے ۔ آج کے اس دور میں سود کی لعنت نے کئی گھر تباہ کردیئے ہیں ۔ ایسے میں اس طرح کی خدمت کا آغاز یقیناً ہر ایک کیلئے خوشی کا باعث ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ نے یہاں سدی پیٹ میں خدمت ایڈیڈکوآپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی لمٹیڈ کے افتتاحی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اس بات کا تیقن بھی دیا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کیلئے اس طرح کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا جس کیلئے وہ محکمہ فینانس کے ریاستی وزیر سے مشاورت کریں گے ۔ مسٹر ہریش راؤ نے مستحق و غریب عوام کی خدمت کیلئے انجام دی جارہی ادارہ ’’سیاست‘‘ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مدیر سیاست محترم جناب زاہد علی خان صاحب کو میں اپنا گرو سمجھتا ہوں اور ان کے فرزند جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سے میرے بہتر مراسم ہیں ۔ جناب ہریش راؤ نے کہا کہ میوہ ظہیرآباد میں اسی طرح کی سوسائٹی کا افتتاح عمل میں آیا تھا تب انہوں نے اس طرح کی خدمات کا سدی پیٹ میں بھی آغاز کرنے کی بات کہی تھی جس کی بناء آج اس سوسائٹی کی خدمات کا یہاں آغاز عمل میں آیا ہے ۔ انہوں نے مستحق عوام سے کہا کہ وہ خدمت سوسائٹی سے استفادہ کریں اور مائیکرو فینانس کی جانب سے عائد کئے جانے والی سود کی رقم سے بچیں ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری بینکوں سے قرض حاصل کرنے کے خواہش مند غریب ان بینکوں کی عائد شرائط کی تکمیل نہیں کرسکتے اسی لئے اس طرح کے بلاسودی سوسائٹیز ان کیلئے بہتر ثابت ہوں گے ۔ اس موقع پر جناب ہریش راؤ اپنی ایک ماہ کی تنخواہ بطور فکسڈ ڈپازٹ سوسائٹی میں جمع کروانے کا اعلان کیا ۔ نیوز ایڈیٹر ’’سیاست ‘‘ جناب عامرعلی خان نے کہا کہ مذہب اسلام نے ہمیں ایک دوسرے کی مدد کرنے کی تلقین کی ہے ‘ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے سدی پیٹ کی عوام کیلئے اس طرح کے بلاسودی سوسائٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ عوام اس کی خدمت سے استفادہ کریں اور اپنے کاروبار کو وسعت دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ سیاست نے ہمیشہ ہی مستحق عوام کی خدمت کیلئے پیش پیش رہا ہے اور مستقبل میں بھی رہے گا ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں مختلف احادیث کا حوالہ دیا اور کہا کہ مسلمان ‘ مسلمان کا بھائی ہے ۔ دکھ درد میں شریک ہونا اس کا فرض ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذہب اسلام نے ہمیشہ آپسی بھائی چارہ اور رواداری کا درس دیا ۔ ہمیں چاہیئے کہ عمل پیرا ہوجائیں ‘ تب ہی ہماری زندگیوں میں انقلاب برپا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ ’’سیاست‘‘ نے ہمیشہ ہی مستحق و غریب عوام کے درمیان ان فلاحی اقدامات کئے ہیں جس سے کئی لاکھوں مسلمانوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔