بقر عید کے موقع پر صفائی ستھرائی کی مہم۔ 15 غیر سرکاری تنظیموں کی ٹیم بقر عید سرگرم عمل

حیدرآباد ۔ 5 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تقریبا 15 غیر سرکاری تنظیموں نے جنہوں نے ٹیم بقر عید تیار کی ہے بقر عید کے دوران صفائی ستھرائی کی ضرورت کو اجاگر کرنے مسلمانوں میں شعور بیدار کرنے بڑے پیمانے پر مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بقر عید ٹیم شہر میں زیادہ سے زیادہ عوام سے ملاقات کرے گی اور صفائی ستھرائی برقرار رکھنے کی ضرورت کو اجاگر کرے گی ۔ اہم مقامات پر اس سلسلہ میں بیانرس اور پوسٹرس لگائے جائیں گے ۔ ٹیم کے کنوینر محمد ضیا الرحمن نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو یہ کام بڑے پیمانے پر کرنا چاہئے اور مویشیوں کے فضلے کی منتقلی کے لیے بیاگس سپلائی کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کو جو گنیش تہوار پر چھ سو کروڑ روپئے خرچ کررہی ہے ۔ کچھ رقم بقر عید میں صفائی ستھرائی برقرار رکھنے کے لیے بھی خرچ کرنا چاہئے ۔ غیر سرکاری تنظیموں کی نمائندگی کرنے والے ارکان نے نشاندہی کی کہ عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ قربانی کے بعد دو دو دن تک جانوروں کے فضلے کی صفائی نہیں ہوتی ۔ گذشتہ سال جی ایچ ایم سی نے 94 ہزار پلاسٹک بیاگس کی سپلائی کا وعدہ کیا تھا جو پورا نہیں کیا گیا ۔ ٹیم بقر عید مہم چلائے گی کہ بقر عید کے دنوں میں جانوروں کا فضلہ نالوں میں یا سڑکوں پر نہ پھینکا جائے ۔۔