ممبئی 21 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) بمبئی ہائی کورٹ نے ممبئی میں آئندہ سال سے بقرعید کے موقع پر جانوروں کے ذبیحہ کی اجازت کی منظوری کے عمل کو یکساں بنانے قواعد کا میکانزم تیار کرنے مقامی بلدی کارپوریشن (بی ایم سی) کو ہدایت کی ہے۔ جس سے چند دن قبل قربانی کے جانوروں کے ذبیحہ کے لئے آن لائن اجازت دینے کے طریقہ کار کو عارضی طور پر معطل کرنے کے لئے ممبئی کے بلدی حکام کو مجبور ہونا پڑا تھا۔ کارگذار چیف جسٹس نریش پاٹل کی قیادت میں ایک بنچ نے کہاکہ اس قسم کا میکانزم اجازت کی منظوری کے عمل کو نہ صرف باقاعدہ اور سہل بنائے گا بلکہ اس سے لمحہ آخر کی ایسی پیچیدگیاں اور رکاوٹیں بھی ختم ہوجائیں گی جو مسلمانوں کی اس عید سے قبل عدالتوں میں دیکھی جارہی ہیں۔ بنچ نے کہاکہ ’ہر ایک مذہبی تہوار پر بھی قانون کی حکمرانی لاگو ہوتی ہے۔ ہم اس بات کو سمجھ سکتے ہیں کہ مذہبی سرگرمیوں کو قانونی چوکھٹے کے مطابق باقاعدہ بنانا، ریاستی انتظامیہ کے لئے آسان نہیں ہوتا۔