بغیر اجازت نامہ مکان کی تعمیر پر رشوت طلب کرنے پر دو افراد بشمول سینا کارپوریٹر گرفتار

تھانے۔7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے منگل کو بیان دیا کہ مہاراشٹرا کے ضلع تھانے میں بغیر اجازت نامہ مکان کی تعمیر پر رشوت طلب کرنے پر دو افراد بشمول شیوسینا کارپوریٹر کملیش بھویر کو جال بچھاکر گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن کے میرا بھیندرے کارپوریٹر کملیش بھویر اور ایک خانگی ٹھیکہ دار گورکھ ٹھاکر شرما (48 سالہ) سے اس کے مکان کی تعمیر کے سلسلے میں بغیر اجازت نامہ کے بدلہ 25 ہزار روپئے کا مطالبہ کیا اور دونوں افراد نے مالک مکان کو دھمکی دی کہ اگر وہ رقم ادا نہیں کرتے تو بلدیہ میں شکایت کرکے اس کی تعمیر کو ڈھا دیا جائے گا۔ اے سی بی میں شکایت درج کرنے پر شرما کو 10 ہزار روپئے بطور پہلی قسط حاصل کرتے ہوئے جال بچھاکر پکڑ لیا گیا اور پھر شیوسینا کارپوریٹر کو بھی گرفتار کرکے انسداد رشوت ستانی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔