بغداد کالونی میں بلدی مسائل کا انبار، پانی کی قلت، آر ٹی سی بس سرویس کی کمی

بغداد کالونی میں بلدی مسائل کا انبار، پانی کی قلت، آر ٹی سی بس سرویس کی کمی
محکمہ بلدیہ کی غفلت! پنشن پورہ عیدگاہ اور قبرستان کے کوڑے دان سے بے حرمتی
حیدرآباد 24 نومبر (سیاست نیوز)ایم ڈی لائنس اور لنگرحوض کے درمیان واقع بغداد کالونی میں بلدیہ کے ناقص انتظامات کی بناء یہاں کو عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ کالونی میں پینے کے پانی کی سربراہی ناقابل بیان ہے۔ پانی کم سربراہ کیا جارہا ہے۔ محکمہ آبرسانی کی جانب سے دو دن میں ایک مرتبہ صرف آدھا گھنٹہ پانی سربراہ کیا جارہا ہے اور پانی کی سربراہی صبح 4.30 بجے کی جارہی ہے۔ موسم سرما میں صبح صبح سردی کی بڑھتی شدت سے لوگوں کو پانی بھرنے میں کافی مشکل پیش آرہی ہے۔ سرما کے موسم میں معمر خواتین محکمہ آبرسانی کے متعلق عہدیداروں سے اپیل کرتی ہیں کہ پانی کے اوقات تبدیل کرکے دیگر اوقات میں پانی کی سربراہی کے عمل کو ممکن کریں اور ساتھ ساتھ پانی کم از کم ایک گھنٹہ سربراہ کیا جائے تاکہ لوگوں کی پانی کی قلت کی شکایت کو دور کیا جاسکے۔ کالونی سے متصل ایک نالہ گزرتا ہے جوکہ علاقہ سے ہوتے ہوئے حڈا پارک میں موجود تالاب سے جا ملتا ہے۔ نالہ میں کچرا جمع ہوجانے سے آئے دن یہاں پر نالہ بھرنے کی شکایت سننے میں آتی ہے۔ علاقہ کے عوام کے مطابق کچھ دنوں قبل ہوئی موسلا دھار بارش کی وجہ سے نالہ کا بہتا گندہ پانی کا بہاؤ حد سے تجاوز کرکے کالونی کے گھروں میں داخل ہوگیا تھا اور سڑکیں گندے پانی کی جھیلوں میں تبدیل ہوگئی تھیں۔ جب کبھی بارش کا امکان نظر آتا ہے کالونی کے مکینوں میں خوف پیدا ہوجاتا ہے کہ کہیں پھر سے گندہ پانی گھروں میں داخل نہ ہوجائے۔ کالونی کے لوگوں نے کئی مرتبہ محکمہ بلدیہ اور متعلقہ رکن اسمبلی کو نالہ کی صفائی کی جانب توجہ دلائی لیکن کوئی سنجیدہ کارروائی نہیں ہوتی۔ نالہ میں گندا پانی اور کچرا جمع ہونے سے کالونی میں گندگی، بدبو، تعفن، مچھروں کی افزائش اور مہلک بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ دن کے اُجالے اور رات کے اندھیرے میں مچھروں نے جینا محال کردیا ہے۔ نہ تو علاقہ میں کبھی مچھر مارنے کی بلدیہ کی گاڑی آتی ہے اور نہ ہی بلدیہ نالہ کی صاف صفائی کی جانب توجہ دیتا ہے۔ لوگوں سے جو ٹیکس وصول کیا جارہا ہے آخر وہ کس کام میں لگایا جارہا ہے۔ حکومت عوام سے بھاری ٹیکسیس وصول تو کرتی ہے لیکن بلدیہ میں عوام کو نہ تو بہتر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور نہ ہی ان کے مسائل کی یکسوئی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پنشن پورہ عیدگاہ اور قبرستان کے بالکل قریب محکمہ بلدیہ کی جانب سے کوڑے دان رکھوائے گئے جس کی وقت پر صفائی نہ ہونے کے سبب گندگی سڑک تک پھیل رہی ہے۔ کوڑے دان کی وقت پر نکاسی نہ کرنے کی وجہ سے گندگی اور تعفن پھیل رہا ہے۔ لوگوں کا یہاں سے گزرنا مشکل ہوگیا ہے۔ ایک مقامی شخص شکیل احمد نے بتایا کہ محکمہ بلدیہ کے عہدیداروں، ملازمین کی لاپرواہی کے سبب ہی یہاں پر گندگی پھیلتی جارہی ہے۔ اگر کم از کم دن میں ایک مرتبہ کوڑے دان سے کچرا خالی کیا جائے تو اتنی گندگی نہیں بڑھے گی۔ کوڑے دان میں کچرا جمع ہونے سے کچرا سڑک پر پھیل جاتا ہے اور کچرے کی بدبو اور گندگی سے قبرستان اور عیدگاہ کا تقدس پامال ہورہا ہے۔ محکمہ بلدیہ کی آنکھ اور نہ ناک سے غفلت کی پٹی ہٹتی نظر نہیں آتی۔ یہاں کے لوگوں نے محکمہ بلدیہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس کوڑے دان کو دوسری جگہ منتقل کریں تاکہ قبرستان اور عیدگاہ کا تقدس پامال نہ ہو۔ اور علاقہ میں صاف صفائی کا ماحول بنا رہے۔ بغداد کالونی لنگرحوض مین روڈ سے دور واقع ہونے کے سبب علاقہ میں آر ٹی سی بسوں کی سرویس بالکل نہ کے برابر ہے۔ اسکول، کالجس، دفاتر جانے والوں کو مین روڈ تک پیدل ہی چلنا پڑرہا ہے۔ زیادہ بس کی سہولت نہ ہونے کے سبب لوگوں کو دشواری پیش آرہی ہے۔ کالونی والوں کے مطابق صرف صبح کے اوقات ایک بس نظر آتی ہے جس کی سرویس بھی یقینی نہیں ہوتی۔ کالونی میں بڑھتی تعداد کے لحاظ سے یہاں پر آر ٹی سی بسوں کی سرویس بے حد ضروری محسوس ہوتی ہے۔ خصوصاً مہدی پٹنم ڈپو منیجر سے علاقہ کے لوگ بس سرویس کے اضافہ کی مانگ کررہے ہیں۔ کم از کم دو تا چار بس بغداد کالونی سے چارمینار تک کیلئے مختص کئے جائیں اور مہدی پٹنم، کوٹھی، افضل گنج، سکندرآباد وغیرہ کیلئے بھی بس سرویس کا انتظام کیا جائے تاکہ لوگوں کی آمد و رفت کیلئے دیگر خانگی گاڑیوں، آٹوؤں وغیرہ پر انحصار نہ کرنا پڑے۔