بغداد میں مورٹار حملے ،6افراد ہلاک

مہلوکین میں بچے، خاتون اور ملازم پولیس شامل ، حملوں کے دو واقعات
بغداد، 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے دارالحکومت بغداد کے جنوبی علاقے میں بے گھر لوگوں کے کیمپ پر آج دہشت گردوں نے مورٹار سے حملہ کرکے چار بچوں سمیت ایک خاتون کو ہلاک کر دیا، وہیں ایک اور واقعہ میں شمالی ضلع میں خودکش حملے میں ایک پولیس اہلکار مارا گیا۔اقوام متحدہ پناہ گزین ایجنسی نے ایک بیان جاری کرکے بتایا کہ السلام کیمپ میں مورٹار کے تین گولوں سے حملہ کیا گیا۔ ایک کیمپ کے وسط میں گرا اور دو دیگر بازار کے علاقے میں گرا۔اس واقعہ میں چار بچے سمیت ایک خاتون کی موت ہو گئی۔السلام بغداد میں مہاجرین کا سب سے بڑا ریلیف کیمپ ہے ۔ایک اور واقعہ میں، شلواضلع کے پرہجوم بازار میں دھماکہ خیز مواد کے ساتھ داخل ہونے والے ایک خود کش حملہ آور کو پولیس کی طرف سے روکنے پر حملہ آور نے خود کو اڑا لیا۔اس واقعہ میں ایک پولیس ملازم ہلاک اور ایک اور راہگیر زخمی ہو گیا ۔اب تک کسی بھی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری نہیں لی ہے ۔دولت اسلامیہ نے عراق کے وسیع علاقہ پر قبضہ کرلیا تھا لیکن سرکاری افواج کی جارحانہ کارروائیوں اور فضائی حملوں کی وجہ سے دولت اسلامیہ کو اپنے زیرقبضہ علاقوں سے تخلیہ کرنا پڑا اور ان علاقوں پر حکومت کا قبضہ بحال ہوگیا۔ اس کے بعد دولت اسلامیہ نے اپنی طاقت منوانے کیلئے نہ صرف عراق بلکہ شام اور افغانستان میں بھی اپنے خودکش بم حملوں کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔