بغداد میں خودکش کار بم دھماکہ، 32 ہلاک

بغداد ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بغداد کے ایک گنجان آبادی والے علاقہ میں ہوئے خودکش کار بم دھماکہ میں کم و بیش 32 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے  جبکہ زخمیوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہیکہ دھماکہ کا شکار ہونے والوں کی اکثریت ایسے لیبرس کی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر کام حاصل کرتے ہیں اور شام کو کام ختم کرکے اپنی اجرت لیتے ہیں اور تھک کر گھر لوٹ آتے ہیں۔ صدر سٹی کے ایک جنکشن پر ہ ورکر ہر روز کام کا انتظار کرتے ہیں جیسا کہ ہندوستان میں بھی ’’لیبراڈہ‘‘ تقریباً ہر شہر میں پایا جاتا ہے۔ دھماکہ کے بعد کی جو تصاویر سوشیل میڈیا میں اپ لوڈ کی گئی ہیں ان میں دھماکے کے مقام سے کثیف دھواں اٹھتا ہوا دکھایا گیا ہے جبکہ شدید طور پر زخمی ہونے والوں کو وہاں سے ہاسپٹل منتقل کیا جارہا ہے۔ دریں اثناء ایک پولیس کرنل نے بتایا کہ 32 افراد دھماکہ میں ہلاک ہوئے ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 61 ہے۔ گذشتہ تین دنوں کے دوران بغداد میں ہونے والا یہ ایک تیسرا دھماکہ ہے۔ ہفتہ کے روز ایک مصروف مارکیٹ میں ہوئے دوہرے دھماکوں میں 27 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔