بعض غیر آئینی اعلانات کے پیش نظر ایودھیا کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ

نئی دہلی، 5دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا اسلامک کانفرنس کے صدر شکیل احمد شیری نے صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ایودھیا میں بابری مسجد کی شہادت کی 26 ویں برسی پر بعض تنظیموں کے غیر قانونی اور غیر آئینی اعلانات کے پیش نظر متنازعہ مقام کو فوج کے حوالے کردیا جائے ۔ انہوں نے متنازعہ مقام پر کسی بھی قسم کی کارسیوا یا کوئی پروگرام ایودھیا میں کرنے کی ہرگز اجازت نہ دینے اور اس پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ معاملہ زیر سماعت ہے اس لئے غیر قانونی طریقہ سے مندر کی تعمیر کی بات کرنا غیر آئینی اور عدالتی توہین ہے۔