بعض سیاستدان خوفزدہ اور بزدل : بلاول بھٹو

لندن ، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کے کچھ سیاستدان خوفزدہ اور بزدل ہیں اور وہ دہشت گردوں اور شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے معاملے پر جان بوجھ کر قوم کو مغالطے میں ڈال رہے ہیں۔ ایک برطانوی نشریاتی ادارہ کو انٹرویو میں بلاول نے کہا کہ ہمارے سیاستدانوں میں سے کچھ طالبان کے معاملے پر واضح موقف اختیار کرنے کیلئے خود کو تیار نہیں کرسکتے۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے مذاکرات کی نہیں بلکہ غیرمشروط مذاکرات کی بات کی جو کمزوری کی نشانی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تحفظات کے باوجود طالبان سے بات چیت کے معاملے پر ان کی حمایت کا فیصلہ کیا۔ چھ ماہ بعد مذاکرات کی باتیں تو بہت ہوئی ہیں لیکن عملی اقدام کوئی نہیں۔ ہم نے واضح کیا ہے کہ اگر وہ اب مذاکرات کی بات کرتے ہیں تو وہ غیرمشروط نہیں ہو سکتے۔ بلاول نے کہا کہ وہ صرف ان کے ہتھیار ڈالنے کی شرائط طے کرنے کیلئے مذاکرات پر تیار ہیں۔

سری لنکا کی اجتماعی قبر میں نعشوں کی
تعداد 50 تک پہنچ گئی
کولمبو ، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 50 لوگوں کی انسانی باقیات شمالی سری لنکا میں دریافت کی گئی اجتماعی قبر سے نکالی گئی ہیں، جبکہ ایسی قیاس آرائی ہے کہ یہ واقعات ٹامل شہریوں کے ہیں جو ایل ایل ٹی ای کے ساتھ جنگ کے دوران لاپتہ ہوگئے تھے ۔ پولیس ترجمان اور سینئر سپرنٹنڈنٹ اجیت روہنا نے کہا کہ مزید کھدائی جاری رہے گی اور اس کام کی نگرانی پرائم انوسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ کی ایک ٹیم کرے گی ۔ روہنا نے کہا کہ آج مزید 3 کھوپڑیاں برآمد ہوئیں ۔ اس کے ساتھ جملہ برآمدشدہ باقیات 50 ہوگئے ہیں۔