حیدرآباد 4 جون (سیاست نیوز)چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کل یعنی 5 جون کو شہر حیدرآباد کے بعض حلقہ جات اسمبلی میں غریب افراد کو پٹہ جات امکنہ عطا کریں گے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ حکومت تلنگانہ نے چند ماہ قبل سرکاری اراضیات پر غیر مجاز قبضوں کے ذریعہ عارضی تعمیرات کر کے گذر بسر کرنے و الے افراد سے ان غیر مجاز قبضوں کو باقاعدہ بنانے کیلئے نہ صرف درخواستیں طلب کی تھی بلکہ خود چیف منسٹر مسٹر راؤ نے تلنگانہ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں سرکاری اراضیات پر غیر مجاز قبضوں کو باقاعدہ بنانے کا اعلان کیا تھا اور اس اعلان کے ایک حصہ کے طور پر ہی جن حلقہ جات اسمبلی میں غیر مجاز قبضوں سے متعلق درخواستوں کی یکسوئی کی گئی ان درخواست گذاروں کے غیر مجاز قبضوں کو باقاعدہ بناتے ہوئے ان افراد کو پٹہ جات امکنہ حوالہ کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق بتایا گیا کہ حلقہ اسمبلی ملکاجگیری میں 3300 خاندانوں میں چیف منسٹر پٹہ جات امکنہ عطا کریں گے ۔ اس کے علاوہ حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں واقع این بی ٹی نگر میں 7 ہزار خاندانوں کو پٹہ جات امکنہ حوالہ کریں گے ۔ اس سلسلہ میں متعلقہ عہدیداروں نے انتظامات مکمل کرلئے ہیں بلکہ پٹہ جات امکنہ کی تیاری بھی عمل میں لاچکے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر اپنے وعدہ کے مطابق بہت جلد شہر حیدرآباد کے دیگر حلقہ جات اسمبلی میں بھی غریب خاندانوں میں بہت جلد پٹہ جات امکنہ فراہم کریں گے ۔
پالمور لفٹ اریگیشن اسکیم کا 11 جون کو سنگ بنیاد
حیدرآباد۔ 4 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 11 جون کو ضلع محبوب نگر کا دورہ کریں گے اور اس موقع پر فلورائیڈ سے متاثرہ اضلاع نلگنڈہ اور محبوب نگر کے عوام کو صاف و شفاف پینے کے پانی کی سربراہی اور دیگر اغراض کیلئے بھی پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے مقصد سے ’’پالمور لفٹ اریگیشن اسکیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس لفٹ اریگیشن اسکیم پر 35 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے اور اس لفٹ اریگیشن اسکیم کی عاجلانہ تکمیل کے بعد دونوں اضلاع محبوب نگر اور نلگنڈہ میں پائی جانے والی خشک سالی کو دور کرنے کیلئے ممکنہ حد تک پانی سربراہ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور اس طرح خشک سالی سے ان اضلاع کو نجات فراہم کی جائے گی۔