اے پی جے عبدالکلام بھی شرکت کریں گے، 332 مندوبین کی شرکت کی توثیق : کمشنر بلدیہ
حیدرآباد۔ 22 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں منعقد شدنی میٹرو پولس کانفرنس کے سلسلے میں تاحال 332 مندوبین نے اپنی آمد کی توثیق کردی ہے۔ توقع ہے کہ کانفرنس سے قبل یہ تعداد 500 سے تجاوز کرجائے گی۔ تاحال جن مندوبین نے اپنی آمد کی توثیق کی ان میں 86 بین الاقوامی شہروں سے تعلق رکھنے والے مندوبین کے علاوہ 49 ممالک کے مندوبین شامل ہیں۔ علاوہ ازیں قومی سطح سے تعلق رکھنے والے 61 مندوبین نے اپنی شرکت کی توثیق کردی ہے۔ مابقی مندوبین کی شرکت کی توثیق اور رجسٹریشن کے متعلق بہت جلد اطلاعات موصول ہونے کی توقع ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر سومیش کمار نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان تفصیلات سے واقف کروایا۔ انہوں نے بتایا کہ 9 اکتوبر کو صدرجمہوریہ ہند مسٹر پرنب مکھرجی حیدرآباد کا دورہ کررہے ہیں اور سابق صدرجمہوریہ ہند جناب اے پی جے عبدالکلام بھی 7 اکتوبر کو میٹرو پولس میٹ میں حصہ لیں گے۔ مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چلائے جانے والے پروگرامس بالخصوص 5 روپئے کے دوپہر کے کھانے کی اسکیم کے مقامات کا مندوبین کو دورہ کروایا جائے گا۔ علاوہ ازیں کانفرنس کے شرکاء کو حیدرآباد میٹرو ریل پراجیکٹ، پی وی این آر ایکسپریس وے، اوٹر رِنگ روڈ کے علاوہ شہر کے تاریخی مقامات کا بھی مشاہدہ کروایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مندوبین میں مختلف شہروں کے میئرس کے علاوہ عہدیدار، وزراء اور انتہائی اہم شخصیات شامل ہیں۔ مسٹر سومیش کمار کے روبرو تاحال 25 ایسے مندوبین نے اس کانفرنس میں شرکت کیلئے رجسٹریشن کروایا ہے جو ٹیکنیکل اور فائنانشیل پس منظر کے حامل ہیں اور پروفیشنل ایجنسیز سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے جو تجاویز ریاستی حکومت کو روانہ کی تھیں، ان کے مطابق ریاستی حکومت نے مذکورہ میٹ کیلئے 5 کروڑ روپئے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ مرکزی حکومت کو روانہ کردہ 15 کروڑ روپئے کی تجاویز تاحال منظور نہیں کی گئی ہیں، لیکن حکومت نے اس بات کے اشارے دیئے ہیں کہ درکار فنڈس کی منظوری قبل از وقت عمل میں لائی جائے گی۔ مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ 25 تا 50 کمپنیوں نے جی ایچ ایم سی کو اس بات کا تیقن دیا ہے کہ وہ مختلف طریقوں سے میٹرو پولس میٹ میں اپنا تعاون کرنے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مندوبین کی آمد، رہائش، غذا کے علاوہ صیانتی انتظامات کا جائزہ لیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں مختلف محکمہ جات سے رابطہ قائم کیا جارہا ہے۔ میٹرو پولس میٹ کیلئے خصوصی سکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں حیدرآباد سائبر آباد پولیس کے علاوہ خفیہ ایجنسیوں اور محکمہ داخلہ کے عہدیداروں سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ علاوہ ازیں مندوبین کو سکیورٹی کی فراہمی کے لئے بھی بات چیت کا عمل جاری ہے۔