بی جے پی رکن اسمبلی سنگیت سوم کے متنازعہ ریمارکس کا جائزہ لینے ضلع انتظامیہ کا اعلان
گریٹر نوئیڈا 5 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بشاڈا کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں آج گوشت کے ٹکڑے پائے جانے پر کشیدگی پیدا ہوگئی جبکہ ضلع انتظامیہ نے متاثرہ مقام کا دورہ کرنے والوں کی تعداد میں مزید تخفیف کا فیصلہ کیا ہے ۔ علاوہ ازیں انتظامیہ نے بی جے پی کے متنازعہ رکن اسمبلی سنگینت سوم کے علاقہ میں دورہ کے موقع پر دئے گئے بیان کا بھی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چھیتیرا گاؤں میں پولیس فورس کی تعداد بڑھا دی گئی ہے جو بشاڈا سے پانچ کیلومیٹر کے فاصلے پر ہے ۔ یہاں کل شام چھوٹے جانور کے گوشت کے ٹکڑے دستیاب ہونے کے بعد کشیدگی پیدا ہوگئی تھی ۔ دادری کے ڈی ایس پی انوراگ سنگھ نے کہا کہ کچھ افراد نے گوشت کے ٹکڑے گاؤں میں رکھے تھے تاکہ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کی جاسکے ۔ پولیس ٹیموں کی جانب سے اس مسئلہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور سکیوریٹی کو سخت کردیا گیا ہے ۔ بشاڈا گاوں میں اخلاق احمد کو زدو کوب کے ذریعہ ہلاک کردئے جانے کے بعد سے کشیدگی برقرار ہے اور یہاں مسلسل سیاسی قائدین کے دورے ہو رہے ہیں۔ تاہم ضلع مجسٹریٹ این پی سنگھ نے یہاں ایسے سیاستدانوں اور دوسرے افراد کے داخلہ پر تحدیدات عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن کی آمد سے حالات بگڑ سکتے ہیں۔ سنگیت سوم کے دورہ کے تعلق سے سوال پر انہوں نے کہا کہ سوم کے قافلہ کو گاؤں سے گاؤں سے ایک کیلومیٹر دور روک دیا گیا تھا اور صرف رکن اسمبلی اور ان کی سکیوریٹی کو وہاں جانے کی اجازت دی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی نے جو کچھ کہا ہے اس کا ویڈیو تیار کرلیا گیا ہے اور انہوں نے قانونی ماہرین کو اس بیان کا جائزہ لینے کو کہا ہے ۔ ضرورت پڑنے پر قانونی کارروائی بھی کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔