حیدرآباد ۔ 25 مارچ (سیاست نیوز) آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ترجمان نے آج اس بات کی وضاحت کی کہ ایس ایس سی امتحانات میں شرکت کرنے والے ایسے طلباء جو آر ٹی سی بس پاس رکھتے ہیں، انہیں اپنے مکانات سے امتحانی مراکز تک چلنے والی آر ٹی سی بسوں میں سفر کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اسی طرح امتحان سے واپسی کے دوران بھی مفت بس سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے، خواہ طالب علم کے مکان سے امتحانی مرکز کتنی ہی دور کیوں نہ ہو۔ ایسے طلباء اپنے ہال ٹکٹس کے علاوہ بس پاس دکھا کر اپنے امتحانی مرکز تک مفت بس میں سفر کرسکتے ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ گذشتہ دن بعض اخبارات میں یہ اطلاعات شائع ہوئی تھیں کہ ایس ایس سی ہال ٹکٹ رکھنے والے ہر طالب علم کو امتحانی مرکز تک مفت بس سفر کی سہولت فراہم رہے گی جوکہ بالکلیہ طور پر غلط و بے بنیاد ہے۔موجودہ بس پاس رکھنے والے طلباء کو ہی امتحانی مرکز تک اور واپس میں مکان تک آر ٹی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ طلباء اپنے بس پاس اور ہال ٹکٹ دکھا کر ’’ کامبی ٹکٹ‘‘ حاصل کرکے ایکسپریس بسیس میں بھی سفر کرسکتے ہیں۔
تلنگانہ میں یو پی ایس سی طرز پر تقررات
حیدرآباد۔/25مارچ، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آئندہ تقررات یونین پبلک سرویس کمیشن کی طرز پر ہی کئے جائیں گے۔ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن پروفیسر جی چکرا پانی جو کہ دہلی گئے ہوئے تھے ، اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مذکورہ اظہار خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اڈمنسٹریشن، ریکروٹمنٹ، امتحانات کا انعقاد، پرچہ سوالات کی تیاری، جوابی بیاضات، شیڈول کی تیاری، خفیہ رازداری برتنے، شفافیت پر اولین ترجیح وغیرہ جیسے اہم ترین امور کے بارے میں یونین پبلک سرویس کمیشن کے اعلیٰ عہدیداروں کے ذریعہ واقفیت حاصل کرلی گئی ہے۔ پروفیسر جی چکرا پانی نے بتایا کہ دو روزہ دورہ دہلی اور قیام کے دوران یونین پبلک سرویس کمیشن کی مکمل کارکردگی سے واقفیت حاصل کرلی گئی ہے۔انہوں نے صدر نشین یونین پبلک سرویس کمیشن دیپک گپتا اور سکریٹری یو پی ایس سی اشیش کھرانہ جنہیں اہم اجلاس میں شرکت کی تیاری کرنی تھی لیکن اس کے باوجود صدرنشین و سکریٹری یو پی ایس سی نے ان کے ساتھ12مختلف شعبوں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرایا۔ اس اجلاس کے اختتام پر صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن پروفیسر جی چکرا پانی نے کہا کہ وہ ریاست میں بھی یونین پبلک سرویس کمیشن کے طرز پر ہی تقررات عمل میں لانے کیلئے امتحانات منعقد کریں گے۔