حیدرآباد 23 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی ایس آر ٹی سی) کی مسلمہ یونین ٹی ایم یو (تلنگانہ مزدور یونین) کے زیراہتمام آج ٹی ایس آر ٹی سی ہیڈ آفس ’’بس بھون‘‘ کا محاصرہ پروگرام منظم کیا گیا۔ اس موقع پر ٹی ایم یو قائدین نے زبردست احتجاجی نعرہ بلند کرتے ہوئے آر ٹی سی انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے ملازمین آر ٹی سی کے مسائل کی یکسوئی کو نظرانداز کرنے کا اختیار کردہ رویہ کے خلاف آج بس بھون کے روبرو تلنگانہ مزدور یونین قائدین کی قیادت میں مہا دھرنا پروگرام منظم کیا۔ اس موقع پر ٹی ایم یو قائدین نے سخت احتجاج کرتے ہوئے آر ٹی سی ملازمین کی کوآپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی (سی سی ایس) کو آر ٹی سی کے ذریعہ واجب الادا (500) کروڑ روپئے کی ادائیگی کے لئے عمداً نظرانداز کرتے ہوئے تاخیر کی جارہی ہے لہذا فی الفور نہ صرف واجب الادا 500 کروڑ روپیوں کے علاوہ 45 کروڑ روپئے سود کی رقم ادا کرنے کا پرزور مطالبہ کیا اور کہاکہ اس مسئلہ پر تلنگانہ مزدور یونین کی کور کمیٹی کے منعقدہونے والے اجلاس میں تفصیلی غور و خوض کرکے آئندہ کے احتجاجی لائحہ عمل کو قطعیت دینے کا انتباہ دیا۔ اور کہاکہ آر ٹی سی ملازمین کوآپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی کو واجب الادا رقم کی ادائیگی تک جدوجہد کو جاری رکھنے کے علاوہ مزید شدت پیدا کی جائے گی۔ یہاں تک کہ احتجاج کے دوران جیل جانے کیلئے بھی تیار رہنے ، ملازمتوں کو خیرباد کرنے کے لئے تیار رہنے کا اظہار کیا۔