بستر میں بی جے پی نشستوں پر کامیابی ‘ کانگریس کا اصل نشانہ

رائے پور 13 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چھتیس گڑھ میں کانگریس کی جانب سے نکسلائیٹس سے متاثرہ بستر علاقہ میں بی جے پی کے قبضہ والی نشستوں پر مقامی امیدواروں کو موقع دے سکتی ہے ۔ بستر علاقہ کی تمام 12 نشستوں پر کانگریس کی کامیابی ریاست میں بی جے پی اقتدار کو ختم کرنے میں انتہائی اہمیت کی حامل ہوسکتی ہے ۔ 90 رکنی چھتیس گڑھ اسمبلی کیلئے انتخابات جاریہ سال کے اواخر میں منعقد ہونے والے ہیں۔ کانگریس کی جانب سے بستر علاقہ کے 12 حلقوں کیلئے امکانی امیدواروں پر بھی غور شروع ہوگیا ہے ۔ اس علاقہ میں جملہ 11 نشستیں غیر محفوظ ہیں۔ اس علاقہ میں کانگریس کے آٹھ ارکان اسمبلی ہیں جبکہ چار پر بی جے پی کا قبضہ ہے ۔ کانگریس کی جانب سے چھتیس گڑھ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جا رہی ہے اور اس میں بستر علاقہ کی 12 نشستیں پارٹی کیلئے انتہائی معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔ ایک سینئر پارٹی لیڈر کا کہنا ہے کہ پارٹی نے امکانی امیدواروں کے تعلق سے تفصیلی غور و خوض کا آغاز کردیا ہے ۔