حالات حاضرہ پر مبنی کلام سے مسلسل ڈھائی گھنٹوں تک محفل زعفران زار
حیدرآباد۔یکم نومبر، ( راست ) بزم طنز و مزاح حیدرآباد کے زیر اہتمام 27 اکٹوبر کو8 بجے شب اردو گھر مغلپورہ میں ’’ مزاحیہ مشاعرہ‘‘ منعقد ہوا۔ صدارت جناب محمد قمر الدین ، چیرمین اقلیتی کمیشن تلنگانہ نے کی ۔ جبکہ جناب محمد فارو ق علی خاں ایڈوکیٹ اور ڈاکٹر عبدالوہاب غوری ایڈوکیٹ نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ مشاعرہ میں طنز و مزاح کے شعراء مسرس فرید سحر، وحید پاشاہ قادری، ڈاکٹر معین امر بمبو، لطیف الدین لطیف، گوئند اکشے، شیر خان اسمارٹ، حیدر علی ٹیپو، اشرف آپا کے علاوہ جناب شاداب بے دھڑک مدراسی نے طنز و مزاح سے بھرپور کلام سناکر محفل کو زعفران زار بنایا۔ شائقین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ منور علی مختصر ناظم مشاعرہ نے ہمیشہ کی طرح اپنے فی البدیہہ جملوں کے ذریعہ عمدگی کے ساتھ نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ آخر میں معتمد بزم کے شکریہ پر رات دیر گئے محفل اختتام کو پہنچی۔