بزرگوں کے احترام کو ملحوظ رکھنے کا مشورہ،ماونٹ مرسی اسکول میں کریٹیویٹی فیئر ، راجیش کمار و دیگر کا خطاب

حیدرآباد۔27جنوری(سیاست نیوز)احترام چاہے بزرگوں کا ہو یا خواتین اور پھر بچوں کا ہو اور یہ ترقی یافتہ سماج کے لئے ضروری ہے  ‘ مگرافسوس کی بات ہے کہ ہمارے معاشرے سے بزرگوں کا احترام تیزی کیساتھ ختم ہورہا ہے ‘ نونہالوں میںبہتر تعلیم کے ساتھ اخلاق اور کردار رائج کرنا اساتذہ کے لئے سب سے مشکل کام ہوگیا ہے ۔ مسٹر راجیش کمار آئی پی ایس ‘ ڈی آئی جی انٹلیجنس نے آج ماونٹ مرسی اسکول ٹولی چوکی میںیوم جمہوریہ کے موقع پر منعقدہ دوروزہ  creativity fair 2016تقریب کے آخری دن مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔اپنی تقریر کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے انہوںنے اسکولی طلبہ سے کہاکہ وہ احترام کا سبق پوری دلچسپی کے ساتھ پڑھیں،قانون سے لیکر دوسروں کے نظریات او رخیالات کا بھی احترام ضروری ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ہم جمہوری ہندوستان میں رہائش پذیر ہیںجہاں پر اظہار خیال کی آزادی کے ساتھ روادری کی تعلیم دی جاتی ہے جو ہمارے دستورکا حصہ بھی ہے ۔ مسٹر راجیش کمار نے کہاکہ اپنے خیالات کو کسی دوسرے پر تھوپنا اظہار خیال کی آزادی کے حق کو سلب کرنے کے مترادف ہے ‘ انہوںنے کہاکہ اس کے علاوہ کسی دوسرے کے عمل پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس کے عمل کو غلط ٹہرانا عدم روادری ہے جس کی اجازت ہمارے جمہوری ہندوستان کا قانون ہرگز نہیںدیتا ہے۔پچھلے کچھ سالوں سے ہمارے یہاں عدم رواداری اور اظہار خیال کی آزادی کو سلب کرنے کی کوشش کا سلسلہ شروع ہوا ہے جو ٹھیک نہیں ہے ۔راجیش کمار نے کہاکہ اس سلسلے کو روکنے کی ذمہ داری اب ان اساتذہ پر عائد ہوتی ہے جن پر ہمارے مستقبل کی نسل کو تعلیم یافتہ بنانے کی ذمہ دار ی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ایسے شہر میںرہتے ہیں جو انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی کا مرکز بناہوا ہے اور ہمیں اس سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ مسٹر راجیش کمار نے ماونٹ مرسی اسکول کے طلبہ جنھوں نے فیئر میںحصہ لیا کے مظاہرے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آج کے دور میںبچوں کی ماہرانہ صلاحیتوں کو نظر انداز نہیںکیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قابلِ مبارکباد ہیں وہ اساتذہ بھی جنھوں نے بہترین انداز میںمذکورہ بچوں کی تربیت کی ہے ۔  بعدازاں انہوں نے فئیرمیںحصہ لینے والے طلبا وطالبات میںانعامات اور اسناد کی تقسیم عمل میںلائی ۔قبل ازیں مسٹر راجیش کمار نے فئیر کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے طلبہ کی قابلیت کا مشاہدہ بھی کیا۔ ا س موقع پر العصر ایجوکشن سوسائٹی جس کے تحت ماونٹ مرسی اسکول چلایا جارہا ہے کہ صدر ڈاکٹر ایم اے رحیم نائب صدر ضیاء الدین نیر‘ سکریٹری ایو ب علی خان ‘ پرنسپل محترمہ فاطمہ ‘ ڈائرکٹر ارشد پیر زادہ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔