حیدرآباد 5 اکٹوبر(سیاست نیوز) ’’برے کام کرنے والوں کیلئے میں ہٹلر کا دادا ہوں‘‘ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے آج ایک مرتبہ پھر خود کو برائی کیلئے ہٹلر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ برائی کو فروغ دینے والے ہیں ان کے خلاف وہ ہمیشہ سرگرم رہیں گے ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے کانگریس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ حکومت تلنگانہ کے خلاف بیان بازیاں کرتے ہوئے بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں وہ درحقیقت ریاست میں جوے کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے بتایا کہ جو لوگ حکومت کے خلاف برہمی کا اظہار کررہے ہیں وہ در حقیقت جوے کے اڈوں پر کئے جانے والے دھاووں پر برہم ہیں اور جوا بند کروانے پر حکومت کو برا بھلا کہہ رہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نقلی انجینئرنگ کالجس کے خلاف کی گئی حکومت کی کارروائی پر کانگریس کی جانب سے واویلا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس برقی بحران پر تماشہ کرتے ہوئے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ حکومت تلنگانہ ناکام ہوچکی ہے لیکن حکومت تلنگانہ اندرون ایک سال 2000 میگا واٹ برقی کی پیداوار کو یقینی بنائے گی ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے حکومت پر تنقید کرنے والے کانگریسی قائدین سے استفسار کیا کہ وہ عوام کو جواب دیں کہ 10 سال سے ریاست میں کس کی حکمرانی تھی ۔ اور کس نے برقی شعبہ کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ نے جو نشانہ مقرر کیا ہے اس میں اندرون چار سال ہر گھر تک نل پہنچانے کے علاوہ 24 گھنٹے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کا نشاہن بھی ہے ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے بتایا کہ ٹی آر ایس کابینہ کے فیصلے کوئی مضحکہ خیز نہیں ہوتے بلکہ جو فیصلہ کیا جاتا ہے اسے بہر صورت قابل عمل بنانے پر توجہ مرکوز کردی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف کہہ نہیں رہے ہںی بلکہ چار سال میں پانی اور نل گھر تک نہ پہنچنے کی صورت میں عوام کو ووٹ نہ دینے کا بھی پیغام دیں گے ۔