لندن ۔ 9 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام)برطانیہ کی وزیر اعظم ٹریسا مے ملک کو یورپی یونین ( ای یو) سے الگ کرنے والے بریگزٹ پر پارلیمنٹ میں 11 دسمبر کو ہونے والی پولنگ کو ملتوی کرکے ایک بار پھر بیلجیم کے دارالحکومت بروسلز میں واقع یورپی یونین کے ہیڈ کوارٹر جاکر بہتر معاہد ے کی کوشش کر سکتی ہیں۔ مقامی میڈیا نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ برطانیہ کے اخبار سنڈے ٹائمز کے مطابق کابینہ وزیر اتوار کو محترمہ ٹریسا مے کے بہتر معاہدے کے لئے بروسلز جانے کا اعلان کر سکتے ہیں۔ برطانوی وزیر اعظم بروسلز میں یورپی یونین کے حکام کے ساتھ ملاقات کر کے بریگزٹ معاہدے کی شرائط کو بہتر کرنے کی کوشش کر سکتی ہیں۔ اخبار کے مطابق محترمہ ٹریسا مے کے برسلز دورے کے پیش نظر 11 دسمبر کو برطانیہ کی پارلیمنٹ میں بریگزٹ پر ہونے والی ووٹنگ ملتوی کی جاسکتی ہے ۔ گزشتہ ماہ ٹریسا مے نے برطانیہ کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بریگزٹ معاہدے کی پرزور حمایت کی تھی لیکن معاہدے کو حکمراں پارٹی اور اپوزیشن دونوں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ واضح رہے کہ بریگزٹ معاہدے کی شرائط سے اختلاف پر ٹریسا مے کے کابینہ کے متعدد وزراء استعفی دے چکے ہیں۔