بریگزٹ معاہدہ کی منظوری کیلئے ’بیک اسٹاپ‘ کی وضاحت ضروری

لندن ۔29 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے سکریٹری خارجہ جیریمی ہنٹ نے کہا ہے کہ برطانیہ کی پارلیمنٹ یوروپی یونین کی جانب سے ’بیک اسٹاپ‘ کی میعاد یقینی بنائے جانے کے بعد معاہدے کو منظور کر سکتی ہے ۔ہنٹ نے جمعہ کو مقامی میڈیا کو کہا’’اگر’بیک اسٹاپ‘ عارضی ہے تو پارلیمنٹ معاہدے کو منظور کر سکتی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ شمالی آئر لینڈ اور آئر لینڈ جمہوریہ کی سرحد کو ڈیوٹی فری رکھنے کے معاہدے میں ’بیک اسٹاپ‘کی شرط رکھی گئی ہے لیکن برطانیہ کے کچھ لوگوں بالخصوص بریگزیٹرز کا خیال ہے کہ ’بیک اسٹاپ‘کی شرط برطانیہ کے گلے کی ہڈی بن سکتی ہے ۔ اس کے تحت جب تک برطانیہ یوروپی یونین کے ساتھ مختلف معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل نہیں کر لیتا وہ یوروپی یونین کا ’کسٹم یونین‘کا رکن بنا رہے گا اور مکمل طور پر یو روپی یونین سے الگ نہیں ہوپائے گا۔ ہنٹ کا کہنا ہے کہ برطانیہ کا بریگزٹ معاہدے کا مستقبل یوروپی یونین کے ہاتھوں میں ہے لیکن یوروپی یونین پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ معاہدے پر اب کسی طرح کی کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔