بریگزٹ معاملہ:تھریسا مے کا اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن سے ملاقات کا فیصلہ

لندن ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے بریگزٹ معاہدہ کی شرائط طے کرنے کے لیے اپوزیشن کو بات چیت کی پیشکش کر دی، اپوزیشن لیڈر جیریمی کوربن نے وزیراعظم سے ملاقات پر آمادگی ظاہر کی ۔غیر ملکی میڈیا رپورٹوں کے مطابق بریگزٹ تنازعہ حل کرنے کے لیے وزیراعظم تھریسامے نے کابینہ ارکان سے 7 گھنٹے طویل مشاورت کی، کابینہ اجلاس کے بعد وزیراعظم تھریسامے کا کہنا تھا کہ برطانیہ کو یوروپی یونین سے علیحدہ ہونے کے لیے مزید وقت درکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیا بریگزٹ معاہدہ بنانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں سے بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں، ہمیں بریگزٹ معاہدے کے لیے کچھ باتوں پر سمجھوتہ کرنا ہوگا۔تھریسامے کا کہنا تھا کہ ہمیں قومی مفاد کے لیے قومی اتحاد کی ضرورت ہے ، وزیراعظم کی بریگزٹ معاہدے پر بات چیت کی پیش کش کو قبول کرتے ہوئے اپوزیشن لیبر پارٹی کے سربراہ جیریمی کوربن نے وزیراعظم سے ملاقات پر رضامندی ظاہر کر دی ہے ۔