بریلی 14ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے بریلی ڈویژن میں آج کل جان لیوا بخار نے قہر برپا کررکھا ہے ۔ کافی بڑی تعداد میں لوگ اس موزی مرض میں مبتلا ہو کر جاں بحق ہو رہے ہیں تو وہیں دوسری جانب محکمہ صحت جان لیوا بخار سے مرنے والوں کے اعداد و شمار کی جانچ پڑتال میں الجھا ہوا ہے ۔کچھ اعداد و شمار کے مطابق بریلی میں اس جان لیوا بخار سے مرنے والوں کی تعداد 533 بتائی جا رہی ہے تو وہیں ڈاکٹر پرمیلا ٹھاکر نے ان اعداد و شمار کو غلط بتاتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ صحت بخار کی وجہ سے مرنے والوں کی صحیح تعداد کی جانچ پڑتال کررہا ہے ۔واضح رہے کہ جان لیوا بخار میں صرف بریلی ہی نہیں بلکہ آس پاس کے اضلاع کے لوگ بھی مبتلا ہو رہے ہیں جیسے پیلی بھیت، بدایوں اور شاہ جہاں پور میں بھی لوگ اس مرض میں مبتلا ہیں۔ جمعرات کو پیلی بھیت میں تین مزید لوگوں کی موت اس جان لیوا بخار میں ہوئی ہے ۔ مرنے والوں کی تعداد مزید اضافہ کے ساتھ 71 ہو گئی ہے ۔