بریلی میں اجتماعی عصمت ریزی اور قتل

بریلی۔ 2 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش میں لڑکی کی اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کا ایک اور اندوہناک واقعہ پیش آیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 22 سالہ اس لڑکی کی مسخ شدہ نعش بریلی کے آئیت پورہ گاؤں میں واقع کھیت سے ہفتہ کو برآمد کی گئی اور آج موصولہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ پتہ چلا کہ اُس کی اجتماعی عصمت ریزی کی گئی اور زبردستی ایسیڈ پلایا گیا ، بعد ازاں گلا گھونٹ کر اُس کا قتل کردیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ لڑکی کے پیٹ میں ایسیڈ کی موجودگی کا پتہ چلا ۔ اس کے علاوہ شناخت چھپانے کیلئے اُس کے چہرے پر ایسیڈ اور پٹرول ڈال دیا گیا تھا ۔

صحافیوں کے تحفظ کیلئے علیحدہ قانون کی ضرورت: پریس کونسل
پنجی۔ 2؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ پریس کونسل آف انڈیا نے آج اس بات پر زور دیا ہے کہ ایسے واقعات جن میں صحافیوں کی ہلاکت یا قتل ہوا ہو، ان کی تیز رفتار یکسوئی کیلئے علیحدہ قانون سازی ضروری ہے۔ پی سی آئی کی صحافیوں کے تحفظ کی کمیٹی کے صدرنشین کے امرناتھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں صحافیوں کے تحفظ کیلئے ایک علیحدہ قانون سازی کے منصوبہ کی تجویز رکھتے ہیں۔ صحافیوں کو ملک میں انتہا پسندوں اور دیگر غیر سماجی عناصر کی جانب سے حملوں کا اندیشہ رہتا ہے اور انھیں نشانہ بناکر ہلاک کردیا جاتا ہے۔ پی سی آئی نے آج گوا میں کونسل کی میٹنگ طلب کی تھی جسکے بعد مسٹر امرناتھ میڈیا سے بات کررہے تھے۔ صدارت صدرنشین جسٹس (ریٹائرڈ) مرکنڈے کاٹجو نے کی۔