بریلی ؍ لکھنؤ 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے بریلی اور اس سے متصلہ بدایوں اضلاع میں بخار کے سبب گزشتہ 15 دن کے درمیان کم سے کم 36 افراد فوت ہوگئے۔ اترپردیش کے ڈائرکٹر جنرل (صحت) پدماکر سنگھ نے اخباری نمائندوں سے بریلی میں بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ بدایوں اور بریلی میں مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے ڈاکٹروں کی تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ بریلی کے چیف میڈیکل آفیسر ونیت کمار نے کہاکہ ’’ضلع بریلی میں بخار کے سبب گزشتہ 15 دن کے دوران 20 افراد فوت ہوئے ہیں‘‘۔ بدایوں کے سی ایم او منجیت سنگھ نے کہاکہ ’’بخار کے سبب بدایوں میں گزشتہ 15 دن کے دوران 16 جانیں گئی ہیں‘‘۔ ڈائرکٹر صحت و طب (متعدی امراض) متلیش چترویدی نے لکھنؤ میں کہاکہ ’’مرکزی حکومت کی ایک پانچ رکنی ٹیم بھی بریلی پہونچ گئی ہے‘‘۔