برہمنوں پر ریمارکس ‘ کے سی آر کے خلاف سمن جاری

مچھلی پٹنم۔9جون ( پی ٹی آئی ) مچھلی پٹنم کی ایک مقامی عدالت نے برہمنوں کے خلاف مبینہ طور پر قابل اعتراض ریمارکس کئے جانے پر تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے نام آج سمن جاری کئے ہیں ۔ ضلع کرشنا کے دوسرے ایڈیشنل جوڈیشیل فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کی عدالت نے چندر شیکھر راؤ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس ضمن میں 12جولائی کو عدالت میں حاضر ہوں۔ برہمنا یوا جنا سنگم ( بی وائی ایس ) کی مقامی یونٹ کی جانب سے دائر کردہ شکایت پر عدالت نے یہ ہدایت جاری کی ہے ۔ وی وائی ایس مچھلی پٹنم کے سکریٹری وی پھانی کمار نے اپریل 2011ء کے دوران چندر شیکھر راؤ کے خلاف ان کے مبینہ ریمارکس پر یہ شکایت درج کی تھی ۔ راؤ نے مبینہ طور پر آندھراپردیش اور تلنگانہ کے برہمنوں کا اُن کے طرز حیات اور رسومات کی نسبت سے تقابل کیا تھا۔ وی وائی ایس نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس سربراہ کے ریمارکس دراصل برہمنوں کو منقسم کرنے اور اس برادری کے ارکان کی توہین کرنے کے مقصد پر مبنی تھے ۔