فورٹ ایلیزا۔ 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے روس کے ساتھ خصوصی اور مراعات یافتہ دفاعی شراکت داری کے پیش نظر اس کو مزید توسیع دینے کی کوشش کرتے ہوئے صدر روس سے برکس چوٹی کانفرنس کے موقع پر علیحدہ طور پر ملاقات کی۔ صدر روس ولادیمیر پوٹن نے نریندر مودی کے ساتھ نیوکلیئر، دفاع اور توانائی کے شعبہ میں باہمی شراکت داری میں اضافہ کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ نریندر مودی نے صدر روس ولادیمیر پوٹن کو ڈسمبر میںان کے دورہ کے موقع پر کوڈنکولم ایٹمی توانائی پراجیکٹ کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ دونوں قائدین کی ملاقات کل رات دیر گئے 14 منٹ تک ہوئی۔
برازیل کے دارالحکومت براسیلیا میں صدر پوٹن کی مصروفیات کی وجہ سے اس ملاقات کو ملتوی کردیا گیا تھا۔ نریندر مودی نے پوٹن کے ساتھ ملاقات کے بعد ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ انہوں نے ہند۔ روس تعلقات کے استحکام کے موضوع پر صدر پوٹن سے بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم روس کے ساتھ دوستی کے قدر دان ہیں۔ پوٹن نے انہیں حالیہ انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔ قبل ازیں مودی 2001ء میں پوٹن سے ماسکو میں ملاقات کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ روس کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات آزمودہ ہیں اور آزادی کے اوائل کے دور سے ہی قائم ان تعلقات کی ستائش کرتے ہیں۔
انہوں نے روس کی دوستی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی معاشی ترقی اور صیانت کو ہندوستان کی آزادی کے وقت سے ہی روس کی تائید حاصل رہی ہے۔ ہندی میں تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ہندوستان کا بچہ بچہ روس کو اپنا بہترین دوست سمجھتا ہے اور روس کے بارے میں جانتا ہے کہ ہر بحران کے دور میں روس نے ہندوستان کی تائید کی ہے۔ وزیراعظم نے صدر روس کی فیصلہ کن قیادت کی ستائش کی۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نریندر مودی نے وہ باہمی دوستی کو آگے لے جانے اور دفاعی شراکت داری میں مزید اضافہ کرنے کے علاوہ دفاع، نیوکلیئر توانائی، خلائی توانائی ، تجارت، عوام سے عوام کے روابط اور علاقائی اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ فراخدل ویزا نظام خاص طور پر حصول تعلیم کیلئے طلبہ سفر کے سلسلے میں ایسا نظام قائم کرنا بہت ضروری ہے۔
صدر روس ولادیمیر پوٹن نے کہا کہ وہ بھی اس اقدام کے منتظر ہیں۔ مودی نے تجویز پیش کی کہ صدر پوٹن کو ہندوستان کے دورہ کے موقع پر دہلی کے علاوہ دیگر مقامات کا بھی دورہ کرنا چاہئے۔ صدر پوٹن نے کہا کہ یہ ایک اچھا نظریہ ہے۔ ہندوستان اور روس نے عام چوکٹھے کے معاہدات پر دستخط کئے ہیں۔ وزیراعظم مودی ے یاددہانی کی تھی کہ گجرات کی چیف منسٹر کے ابتدائی دور میں سیول واجبات نیوکلیئر تباہ کاری قانون 2010ء کے راستے میں رکاوٹیں دور کرنے میں ان کا بھی حصہ ہے۔ پوٹن نے کہا کہ روس ، ہندوستان کے ساتھ تعلقات میں انتہائی قدر کرتا ہے۔ ہند ۔ روس تعلقات دنیا بھر کے لئے ایک مثال بن گئے ہیں۔
صدر برازیل سے ملاقات
تین معاہدوں پر دستخط
برسیلا ۔ 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستان اور برازیل کے درمیان باہمی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے آج صدر برازیل سے ملاقات کی اور تین معاہدوں پر دستخط کئے۔ ان میں ماحولیات کے شعبہ میں تعاون کا معہادہ بھی شامل ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور صدر برازیل دلیما رؤسوف کے درمیان پہلی باہمی ملاقات کے دوران یہ فیصلے کئے گئے۔ خصوصی خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدر برازیل نے مودی کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ دونوں قائدین نے اقوام متحدہ میں اصلاحات پر زور دیا۔ اقوام متحدہ کی 2015ء میں 70 ویں سالگرہ کے موقع پر سلامتی کونسل میں اصلاحات کی وکالت کی گئی۔
ہندوستان برکس ڈیولپمنٹ بنک کی 6 سال قیادت کرے گا
فورٹالیزا ۔ 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان 100 بلین امریکی ڈالر والے برکس ڈیولپمنٹ بنک کی 6 سال تک قیادت کرے گا۔ 5 ابھرتی ہوئی معیشتوں کی جانب شے بین الاقوامی مالیاتی نظام کے خلاف اپنا ایک مالیاتی بنک قائم کرنے کا فیصلہ کرنے کے ایک دن بعد اس بنک کے قیام کا اعلان کیا گیا تھا۔ نیوڈیولپمنٹ بنک کا مقام شنگھائی ہوگا جو چین کا مالیاتی گڑھ ہے۔ یہاں پر تقریباً 2 سال اس کی کارکردگی ہوگی۔ ہندوستان 6 سال کیلئے بنک کی ذمہ داری حاصل کرے گا۔