برکس چوٹی اجلاس میں شرکت کیلئے مودی کی چین آمد ، میانمار کا بھی دورہ کریں گے

ژیامن(چین)۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی برکس چوٹی اجلاس میں شرکت کیلئے آج یہاں پہونچے۔ اس موقع پر وہ برکس قائدین سے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کریں گے اور رکن ممالک کے مابین مضبوط پارٹنرشپ کیلئے ایجنڈہ کی تائید کریں گے۔ مودی پانچ روزہ دو رہ پر روانہ ہوئے ہیں وہ تین دن چین میں قیام کریں گے ، اس کے بعد میانمار روانہ ہوں گے ۔ میانمار کا یہ ان کا پہلا دورہ ہوگا۔ برکس اجلاس کے موقع پر مودی صدر روس ولادیمیر پوٹن اور دیگر برکس قائدین سے باہمی ملاقاتیں بھی کریں گے۔ توقع ہے کہ وہ مصر، کینیا، تاجکستان، میکسیکو اور تھائی لینڈ کے قائدین سے بھی ملاقات کریں گے جنہیں اس چوٹی اجلاس میں مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ وزیراعظم مودی نے دورہ سے قبل کہا کہ وہ گوا چوٹی اجلاس کے بعد اب تک کے نتائج کے بارے میں جائزہ لیں گے اور مختلف قائدین سے ملاقات کریں گے۔ برازیل۔روس۔ ہندوستان ۔ چین۔ جنوبی آفریقہ (برکس) چوٹی اجلاس میں شرکت کیلئے نریندر مودی یہ دورہ ایسے وقت کررہے ہیں جبکہ ہندوستان اور چین کے مابین 73 دن طویل ڈوکلم تعطل کو باہمی طور پر حل کرلیا گیا ہے۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ اس چوٹی اجلاس کے موقع پر عالمی قائدین سے باہمی ملاقات کا موقع ملے گا۔ اس دوران صدر چین ژی جن پنگ نے برکس ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کی تمام شکلوں سے نمٹنے کیلئے موثر لائحہ عمل اختیار کریں۔