برکس چوٹی اجلاس میں شرکت کیلئے مودی کی آج روس آمد

اونا (روس) ۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کل یہاں سہ روزہ دورہ پر پہنچ رہے ہیں جہاں وہ برکس (BRICS) اور شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن سمیٹس میں شرکت کریں گے، جہاں پاکساتنی وزیراعظم نواز شریف اور چینی صدر ژی جن پنگ سے بھی ان کی ملاقات ہوگی۔ ایس سی او سمیٹ کے دوران توقع کی جارہی ہیکہ اس 6 ممالک کے گروپ میں ہندوستان کو بھی مکمل رکنیت حاصل ہوجائے گی جو چین، روس، قازقستان، کرغستان، ازبکستان اور تاجکستان پر مشتمل ہے۔ اب تک ہندوستان کو صرف ایک مبصر ملک کا موقف حاصل تھا جس نے اپنی تمام تر توجہ باہمی ربط، دہشت گردی سے نمٹنے، تعاون، توانائی کے سیکٹر میں تعاون، تجارت میں اضافہ اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام شامل ہے۔ پانچ ملکی برکس سمیٹ (برازیل، روس، ہندوستان، چین، جنوبی افریقہ) کے دوران معاشی شعبہ میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اب جبکہ برکس ڈیولپمنٹ بینک کا قیام عمل میں آ چکا ہے، یہ توقعات بھی کی جارہی ہیں کہ مقامی کرنسی میں کریڈٹ کی سہولت متعارف کی جائے جبکہ اس بینک کے پہلے سربراہ ہندوستان کے جانے مانے بینکر کے وی کامت ہیں۔ مسٹر مودی اور ژی کے علاوہ برکس سمیٹ میں صدر روس ولادیمیر پوٹن، صدر برازیل ڈلماروسیف اور صدر جنوبی افریقہ جیکب زوما بھی شرکت کریں گے۔ نئی دہلی سے اپنی روانگی سے قبل نریندر مودی نے کہا تھا کہ انہیں توقع ہے برکس ممالک کے درمیان معاشی تعاون اور ثقافتی تعلقات مستحکم ہوں گے۔ گذشتہ سال منعقدہ برکس سمیٹ بھی کافی ثمرآور ثابت ہوئی تھی اور توقع ہیکہ گذشتہ سال ہم نے جو پیشرفت کی تھی اس میں مزید آگے بڑھنے کی کوشش کریںگے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ برکس قائدین سے شخصی طور پر بھی ملاقات کریں گے۔ ہندوستان کے لئے برکس کا پلیٹ فارم انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اسی کے ذریعہ متعدد عالمی چیلنجس سے نمٹا جاسکتا ہے۔

علاوہ ازیں عالمی سطح پرامن اور سیکوریٹی کو یقینی بنانے کیلئے بھی برکس پلیٹ فارم مؤثر کردار ادا کرے گا جبکہ نواز شریف سے مودی کی ملاقات کے دوران دونوں قائدین باہمی تعلقات کے موضوع پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دونوں ممالک نے جاریہ ماہ رمضان المبارک کے دوران مچھیروں کو رہا کرتے ہوئے ایک خوشگوار پیغام دیا تھا۔ مودی نے ہی نواز شریف کو فون کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقدس رمضان کی آمد کے موقع پر وہ ہندوستان میں قید پاکستانی مچھیروں کو رہا کررہے ہیں۔ 16 جون کو انہوں نے نواز شریف کو فون کیا تھا۔ اس طرح ہندوستان نے 88 پاکستانی مچھیروں کو اور پاکستان نے 111 ہندوستانی مچھیروں کو رہا کیا تھا۔ ژی سے ملاقات کے دوران بھی مودی دورخی تعلقات پر بات چیت کریں گے۔ مودی یہاں سے قازقستان کیلئے روانہ ہوں گے۔