برڈ فلو کے اندیشے، مختلف ریاستوں میں چوکسی

حیدرآباد 9 ڈسمبر( سیاست نیوز) کیرالا میں برڈ فلو کی دہشت کے بعد اب جنوبی ہند کی تمام ریاستیں بشمول تلنگانہ ،آندھرا پردیش ،کرناٹک اور ٹاملناڈو چوکسی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ ریاست تلنگانہ کے بعض مواضعات سے بھی اس بات کی اطلاعات موصول ہوئی ہے کہ متاثرہ مرغیوں کو تلف کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں چونکہ برڈ فلو کی شکایت کے فوری بعد شہریوں میں تشویش پیدا ہوچکی تھی۔ مرغیوں کی افزائش کیلئے استعمال کئے جانے والی ادویات میں اینٹی بائیوٹک کا کثیر استعمال ثابت ہوچکا ہے اور مرغیوں کو جس مقدار میں اینٹی بائیوٹک بطور غذا فراہم کی جارہی ہے وہ ایک انسان کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے ۔ سابق میں قومی سائنسی ادارے کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق میں ہندوستانی بازار میں موجود مرغیوں کو زہر سے تعبیر کیا گیا تھا اور اب جبکہ کیرالہ میں برڈ فلو کی شکایت کے بعد دو لاکھ مرغیوں کو تلف کیا جاچکا ہے تو ایسی صورت میں اس کے اثرات دیگر ریاستوں پر بھی مرتب ہوسکتے ہیں۔ تاجرین کے بموجب دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں بھی عوام نے مرغیوں کے استعمال میں احتیاط کا آغاز کیا ہے چونکہ کیرالہ میں برڈ فلو کے سبب دو لاکھ مرغیوں کو تلف کئے جانے کی اطلاعات سے شہریوں میں بھی بے چینی کی لہر پائی جاتی ہے ۔