برڈ فلو کی وباء سے عوام کے ساتھ حکومت بھی خوف و دہشت کا شکار

انڈے اور مرغ کی فروختگی پر حکومت کی پابندی عوام پر بے اثر
حیدرآباد ۔16 ۔ اپریل (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ حیات نگر میں زائد از دو لاکھ مرغیوں کو تلف کئے جانے کے بعد شہر میں برڈ فلو کی وباء کے متعلق خدشات پیدا ہوچکے ہیں۔ نہ صرف عوام بلکہ حکومت میں بھی برڈ فلو کے متعلق خوف و دہشت کی صورتحال نظر آرہی ہے۔ حکومت نے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ اضلاع میں بھی انڈے اور مرغی کی فروخت پر پابندی عائد کی ہے لیکن اس کے کوئی اثرات دکان کے ذمہ داروں پر نظر نہیں آرہے ہیں جبکہ عوام میں برڈ فلو کے معاملہ میں شدید خوف پایا جارہا ہے۔ H5N1 وائرس جسے مفہوم عام میں برڈ فلو کہا جاتا ہے، انتہائی خطرناک وائرس ہونے کے سبب حکومت نے فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے نہ صرف فروخت پر پابندی عائد کی ہے بلکہ وائرس سے متاثرہ علاقوں میں مرغیوں اور انڈوں کو تلف کرنے کا بھی فیصلہ کرتے ہوئے اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ شہر حیدرآباد میں خدمات انجام دینے والے معروف کیٹرنگ کمپنیز کے مطابق گزشتہ دو یوم کے دوران عوام میں چکن کے استعمال میں کافی گراوٹ ریکارڈ کی گئی اور کیٹرنگ کمپنیز چکن سے تیار کردہ اشیاء سے تواضع کے متعلق از سر نو غور کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سرکاری عہدیداروں نے کیٹرنگ کرنے والوں کیلئے بھی چکن سے تواضع کو کچھ وقت کیلئے روک دینے کی خواہش کی ہے۔ ان احکامات کے باوجود چکن کے استعمال میں کمی نہ آنے کا تاجرین کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تاجرین اس صورتحال سے پریشان ضرور ہیں لیکن یہ تاثر دے رہے ہیں کہ حکومت کے اقدامات کا مرغ اور انڈوں کی تجارت پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔ درحقیقت تاجرین میں مارکٹ میں آنے والی گراوٹ کے متعلق خوف پایا جاتا ہے۔ عوام موجودہ صورتحال میں زندگی اور صحت کے معاملات میں کسی بھی طرح کا کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتے چونکہ حکومت کی جانب سے انتباہ جاری کردیا گیا ہے کہ ایسی صورت میں کسی بھی طرح کا خطرہ مول لینا درست نہیں ہوگا۔ ریاست تلنگانہ میں پھوٹ پڑی برڈ فلو کی وباء کا جائزہ لینے کیلئے مرکزی حکومت کے ڈاکٹرس کی ٹیم حیدرآباد پہنچ چکی ہے جو کہ متاثرہ مقامات کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں موجود مرغیوں کے فارمس کا دورہ کرتے ہوئے مرغیوں میں پائی جانے والی بیماریوں کا معائنہ کرے گی۔ حکومت کی جانب سے عوام کو دیئے گئے انتباہ کے باوجود استعمال کی صورت میں حکومت بیماری سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کرنے میں دشواریاں محسوس کرسکتی ہے، اسی لئے حکومت نے راست عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مرغیوں اور انڈوں کا استعمال کچھ وقت کیلئے ترک کردیں۔