بروسیلز میں پرتشدد احتجاج

بروسیلز۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) یوروپی یونین کے مسلط کردہ کفایت شعاری اقدامات کے خلاف عوام کی برہمی آج اپنی انتہا کو پہنچ گئی اور وہ بلجیم کے دارالحکومت بروسیلز میں سڑکوں پر نکل آئے۔بعدازاں صورتحال انتہائی بے قابو ہوگئی اور پولیس کو واٹر کینن اور آنسو گیاس کا استعمال کرنا پڑا۔ تفصیلات کے بموجب ٹریڈ یونین اور بائیں بازو سیاسی جماعتوں کی جانب سے منظم کردہ ریالی جو اختتام تک پرامن رہی لیکن یہاں اچانک لڑائی شروع ہوگئی۔ احتجاجی مظاہرین نے تقریباً دو گھنٹے پرامن مارچ کیا جو شہر کے کئی حصوں سے گذرتا رہا۔ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف بطور احتجاج یہ مارچ جاری تھا لیکن ریالی ختم ہوتے ہی صورتحال اس وقت تشدد کی شکل اختیار کرگئی جب پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیاس کا استعمال کیا۔ احتجاجیوں نے سنگباری اور پولیس پر حملے کئے۔ اس کے ساتھ ہی صورتحال انتہائی ابتر ہوگئی۔ بلجیم میں گزشتہ ماہ تشکیل پائی نئی حکومت نے اجرتوں میں اضافہ منسوخ کردیا اور سوشیل سکیورٹی فوائد بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔