بروسلز دہشت گرد حملے کے مہلوکین کو وزیراعظم مودی کا خراج

بروسلز ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج یہاں بروسلز دہشت گرد حملہ کے مہلوکین کو خراج عقیدت ادا کیا۔ گذشتہ ہفتہ اس شہر میں ہوئے دہشت گرد حملوں میں بشمول ایک ہندوستانی 30 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ مودی، ہند ۔ یوروپی یونین چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے ایک روزہ دورہ پر یہاں پہنچے۔ انہوں نے مالبیک میٹرو اسٹیشن پر پھول مالا چڑھائی جہاں ایک خودکش بمبار حملہ میں درجنوں مسافرین ہلاک اور دیگر سینکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔ مہلوکین میں بنگلورو سے تعلق رکھنے والے انفوسیس کے ایک ملازم رگھویندرن گنیشن بھی شامل تھے۔ وزیراعظم نریندر مودی آج بھی بلجیم میں مقرر چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے ہندوستان کی نمائندگی کرنے یہاں پہنچے ہیں اور انہوں نے آج ایک مصروف دن گذارا جس میں مختلف سیاسی اور تجارت کے قائدین سے ملاقاتیں شامل تھیں۔