برقی ہڑتال ختم کرانے گورنر اقدامات کریں ۔ ریاستی سی پی آئی

حیدرآباد ۔ 26 ۔ مئی : ( این ایس ایس ) : سی پی آئی تلنگانہ ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے آج گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے اس بات کی خواہش کی کہ وہ ریاست میں جاری برقی ملازمین کی ہڑتال کو ختم کرانے اقدامات کا آغاز کریں ۔ یہاں مخدوم بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ تقریبا 60 ہزار برقی ملازمین کی ہڑتال کے سبب برقی پیداوار متاثر ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی اور گھریلو ضروریات ، ایمرجنسی خدمات کو مد نظر رکھتے ہوئے ریاستی گورنر کو چاہئے کہ وہ اس موضوع پر خصوصی توجہ دیں جب کہ ملازمین یونینس کے ساتھ اجلاس کے ذریعہ اس ہڑتال کو ختم کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے گورنر کو تجویز پیش کی کہ پی آر سی سفارشات کے نفاذ کے لیے اقدامات کا آغاز کریں اور ملازمین کو عبوری راحت دیں ۔۔