برقی کی بلارکاوٹ سربراہی یقینی بنانے کی خواہش

چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس ‘قلت سے نمٹنے متبادل انتظامات کی ہدایت
حیدرآباد 26 فبروری (سیاست نیوز)چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے آج سکریٹریٹ میں اعلی عہدیداروں کے ساتھ برقی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ریاست میں برقی سربراہی کے موجودہ موقف سے واقفیت حاصل کی۔ بالخصوص ضلع نلگنڈہ کے دامرچرلہ منڈل میں تعمیر کئے جانے والے برقی پیداواری پراجکٹ کے کاموں میں اب تک کی پیشرفت کی تعلق سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ زرعی اور صنعتی شعبہ کو بلا رکاوٹ برقی سربراہی یقینی بنائی جائے۔ برقی کی موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے متبادل راستے جیسے سولار برقی سسٹم کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر نے کیرالا کے کانیکلم پاور گرڈ سے برقی حصول یقینی بنانے کی خواہش کی۔ اجلاس میں عہدیداران نے چیف منسٹر کو بتایا کہ روزانہ چار تا پانچ ملین یونٹس برقی پاور ایکسچینج کے تحت خریدی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ مزید 800 ملین یونٹس برقی کمی کو پورا کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔