نظام کالج گراونڈ پر ہائیرکس نمائش کا افتتاح ، جناب محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ برقی کا استعمال انسان کی زندگی کا اہم عنصر ہے اور برقی کے بغیر انسان کی زندگی اجیرن ہے ۔ اس غرض سے حکومت تلنگانہ ریاست تلنگانہ کو درپیش برقی کی قلت جیسے بحران پر قابو پانے کے لیے ممکنہ اقدامات کررہی ہے اور حکومت ریاست کے عوام کو برقی کی موثر سربراہی کو یقینی بناتے ہوئے برقی کی قلت سے نمٹنے کے لیے سولار سسٹم برقی کے استعمال پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جس کے استعمال کنندوں کو سولار سسٹم برقی آلات پر سبسیڈی بھی فراہم کررہی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمد محمود علی آج ایکوشور (ECO SURE) کے زیر اہتمام نظام کالج گراونڈ پر منعقدہ دو روزہ Hyrex Exhibition کے افتتاح کے بعد منعقدہ اجلاس کو مخاطب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ انسان کو خدا نے اس قدر صلاحیتوں سے نوازا کہ وہ جدید ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے سورج کی روشنی جیسے قدرتی ذریعہ سے سولار سسٹم طریقہ کار کی ایجاد کرتے ہوئے برقی کی پیداوار کو متعارف کیا جس کی ایجاد سے ریاست کو درکار موجودہ برقی قلت کے بحران پر بڑی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے سولار سسٹم کے ذریعہ برقی تیار کرنے والے سائنس دانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قدرتی ذریعہ سے حاصل کی جانے والے سولار سسٹم سے انتہائی مفید اور کم صرفہ میں زیادہ مقدار برقی کا استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سولار سسٹم سے حاصل کی جانے والی برقی توانائی کی ذخیرہ اندوزی کرتے ہوئے اس کا محتاط استعمال کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سولار سسٹم سے حاصل ہونے والی توانائی سے نہ صرف فیان ، لائیٹ ، کولر ، فریزر کا استعمال کیا جاسکتا ہے بلکہ اس سے ایرکنڈیشنڈ کو بھی چلایا جاسکتا ہے ۔ جو ایک حیرت انگیز ایجاد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست تلنگانہ میں سولار سسٹم کے ذریعہ حاصل ہونے والی توانائی کے میدان کو وسعت دیتے ہوئے ریاست کے تمام عوام کو مذکورہ سولار انرجی سسٹم کی ہر گھر تک رسائی کی جدوجہد میں لگے ہوئے ہیں تاکہ ریاست سے برقی بحران کے خاتمہ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ سولار سسٹم سے حاصل ہونے والی توانائی سے بھر پور استفادہ حاصل کریں ۔ اس موقع پر ٹی آر ایس گریٹر حیدرآباد سٹی کنوینر مسٹر ایم ہنمنت راؤ ، ٹی آر ایس سینئیر قائدین مسرز محمد اعظم علی ، محمد عبدالباسط ، این پربھاکر گوڑ ، جی کونڈل ریڈی ، ویریشم گوڑ ، شیش گیری ، ایونٹ آرگنائزرس ، مسرز کے ایس مورتی ، راج شیکھر ، سدھارتھا سیہگل کے علاوہ دیگر ٹی آر ایس قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر Hyrex-2015 ایگزیبیشن میں مختلف سولار سسٹم کمپنیوں کے اسٹالس قائم کئے گئے تھے ۔ قبل ازیں ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمد محمود علی اور وی ہنمنت راؤ نے ایگزیبیشن میں قائم کردہ LED اور دیگر سولار کمپنیوں کے اسٹالس میں موجود برقی آلات کا معائنہ بھی کیا ۔۔