اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ چیف منسٹر چندرابابونائیڈو کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد 21 ستمبر (این ایس ایس) حکومت آندھراپردیش نے ایک مرحلہ واری اندازی میں تمام لوگوں کو 24×7 برقی سربراہ کرنے کیلئے انرجی سکیورٹی کے حصول کیلئے ایکشن پلان پر عمل درآمد میں تیزی پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کیلئے ترغیب ہوگی۔ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ریاست کی معیشت اور ہمہ جہتی ترقی میں مدد ہوگی۔ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ ان کی اہم ترین ترجیح سب کو معیاری، قابل بھروسہ اور قابل دسترس برقی فراہم کرنا ہے اور وہ بھی 24×7 آسمان آپ کے لئے حد ہے۔ مرکزی حکومت ہمارے ساتھ ہے۔ نئے دارالحکومت کی تعمیر، پورٹس، آئی ٹی انڈسٹریز اور دیگر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے لئے درکار برقی کی مانگ کو پورا کرنے کیلئے برقی پراجکٹس کے کاموں میں تیزی پیدا کی جائے اور اس سلسلہ میں کی جارہی کاوشوں کو جاری رکھا جائے۔ پوری قوم تمام شعبوں بالخصوص برقی شعبہ کی ترقی کے لئے حکومت آندھراپردیش کی کاوشوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ریاست میں سازگار ماحول پیدا کرنے کی وجہ قومی اور بین الاقوامی فرمس بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حالانکہ بڑی ریاستوں جیسے مہاراشٹرا، ٹاملناڈو اور کرناٹک کی جانب سے ہیرو موٹر کارپ لمیٹیڈ کو راغب کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اس کمپنی نے محض حکومت آندھراپردیش کی موافق برقی پالیسی، دوستانہ انداز اور سازگار ماحول کی وجہ پراجکٹ پر 1600 کروڑروپئے کی سرمایہ کاری کرنے کیلئے آندھراپردیش کا انتخاب کیا ہے۔ دیگر انسیلری یونٹس ضلع چتور میں اس پلانٹ کے قریب مزید 1500 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے میں سنجیدہ ہیں۔ برقی شعبہ کی ترقی کیلئے کئے گئے حالیہ ایم او یوس کا جائزہ لینے کیلئے چیف منسٹر کی جانب سے طلب کئے گئے جائزہ اجلاس میں اجئے جین سکریٹری انرجی نے جی سائی پرساد، سکریٹری پاور سی ایم او اور کے وجئے نند، سی ایم ڈی / اے پی ٹرانسکو اینڈ ایم ڈی / اے پی جینکو کے ساتھ شرکت کی۔ چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نے اس اجلاس میں اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہر پراجکٹ کیلئے ایک نوڈل آفیسر کو نامزد کیا جائے اور ریگولر اساس پر کاموں کی پیشرفت کی نگرانی کی جائے۔ حکومت آندھراپردیش نے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک پر خصوصی زور دیا ہے جہاں وہ ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک پر تقریباً 4880 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی تجویز رکھتی ہے۔