حیدرآباد ۔ 23 جنوری (پریس نوٹ) سابق کارپوریٹر مجلس بچاؤ تحریک جناب امجداللہ خان خالد نے پرانے شہر میں محکمہ برقی کے ویجلنس سیل کی جانب سے کئے جانے والے غیرضروری دھاوؤں اور اندھادھند چالانات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے منٹ کمپاونڈ پہنچ کر مسٹر جی رگھو ریڈی صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل سے ملاقات کرکے ایک یادداشت حوالے کی جس میں کہا گیا کہ پرانے شہر بالخصوص تالاب کٹہ، بھوانی نگر، حافظ بابا نگر، چندرائن گٹہ، ریاست نگر، باغ جہاں آراء، چنچلگوڑہ دیگر علاقوں میں محکمہ برقی کے عہدیداران بھاری پولیس جمعیت کے ساتھ عوام میں دہشت کا ماحول پیدا کرتے ہوئے برقی میٹرس کی تبدیلی کے بہانے بھاری جرمانے عائد کررہے ہیں جوکہ سراسر غریب و معصوم عوام پر ظلم کے مترادف ہے۔ برقی چوری کے نام پر محکمہ کے عہدیدار زبردستی میٹرس تبدیل کررہے ہیں۔ جناب امجداللہ خان خالد نے کہا کہ اگر اس سلسلہ کو فوری بند نہ کیا گیا تو مجلس بچاؤ تحریک عوامی احتجاج کرے گی۔ انہوں نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر چندرشیکھر راؤ سے کہاکہ وہ اس سلسلہ میں متعلقہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کریں ورنہ سابق میں چندرا بابو نائیڈو کا جو حال ہوا تھا برقی معاملات میں اس طرح عوام چندرشیکھر راؤ کا کریںگے۔ جناب امجداللہ خان نے عوام سے بھی خواہش کی کہ وہ ان دھاوؤں کے خلاف کئے جانے والے احتجاج میں مجلس بچاؤ تحریک کا ساتھ دیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں نام نہاد مسلم قیادت کی خاموشی پر بھی حیرت کا اظہار کیا۔