برقی میٹرس کی تبدیلی کے لیے صارفین سے تعاون کی خواہش

برقی بچت کے لیے بیرون مکان میٹرس کی تنصیب کا عمل جاری ، پرانے شہر کے عوام پر برقی سرقہ کا شبہ غیر درست
حیدرآباد۔ 4 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں قدیم برقی میٹرس کی تبدیلی کا عمل جاری ہے، عوام سے برقی عہدیداروں نے اپیل کی ہے کہ وہ برقی میٹرس کے تبدیلی کے عمل میں تعاون کریں۔ برقی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ نئے برقی میٹرس کی تنصیب اور گھروں کے باہر برقی میٹر لگانے کا مقصد نہ صرف برقی کی بچت ہے بلکہ برقی کے استعمال میں شفافیت پیدا کرتے ہوئے برقی سرقہ کے عمل کو ختم کرنا ہے۔ سپرنٹنڈننگ انجنیئر حیدرآباد سرکل مسٹر سریش کمار نے پرانے شہر کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں کے عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ قدیم برقی میٹرس کو عصری میٹرس سے تبدیل کرنے میں کوتاہی نہ کریں چونکہ اس کے راست یا بالواسطہ اثرات عوام پر ہی مرتب ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر برقی میٹروں کی تبدیلی کا عمل جاری ہے لیکن آئندہ چند یوم میں برقی میٹرس کی تبدیلی کے عمل میں تیزی پیدا کرنے کا منصوبہ ہے۔ پرانے شہر کے کئی علاقوں میں برقی میٹرس کو مکانوں کے باہر نصب کرنے کے ساتھ ساتھ عصری تکنیک سے لیس برقی میٹرس کی تنصیب ، بہتر انداز میں مکمل کیا جاچکا ہے۔ جناب خواجہ عبدالرحمن ڈیویژنل انجنیئر چارمینار نے بتایا کہ چارمینار کے علاقہ میں بھی کئی مقامات پر اس عمل کی تکمیل ہوچکی ہے اور بہت جلد جن علاقوں میں برقی میٹرس کی تبدیلی کا عمل مکمل نہیں کیا گیا ہے، ان علاقوں کا احاطہ بھی کرلیا جائے گا۔ برقی عہدیداروں کے بموجب حیدرآباد میں اب بھی ہزاروں میٹر مکانات کے اندرونی حصوں میں ہیں اور کئی مکانات میں قدیم میٹرس کا استعمال کیا جارہا ہے جو کہ نامناسب عمل قرار دیا جاچکا ہے۔ برقی عہدیداروں کی جانب سے بہت جلد ان تمام علاقوں کا احاطہ کیا جائے گا جن علاقوں میں قدیم برقی میٹرس کے استعمال کا رجحان زیادہ ہے۔ عہدیداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بہکاوے میں آئے بغیر محکمہ سے تعاون کرتے ہوئے میٹروں کی تبدیلی کے عمل کو پرسکون طور پر انجام دینے میں اعانت کریں تاکہ نئی ریاست تلنگانہ میں نہ صرف برقی بچت کو یقینی بنایا جاسکے بلکہ برقی چوری کے متعلق جو باتیں پھیلائی جاتی ہیں ، انہیں بھی روکا جاسکے۔ حیدرآباد کے بعض علاقوں مہتر واڑی، پاردی واڑہ کے علاوہ چند ایک علاقوں میں برقی چوری بلز کی عدم ادائیگی جیسی شکایتیں ہیں لیکن ان محلہ جات کے باعث پرانے شہر کے بیشتر علاقوں پر شبہ کیا جاتا ہے جوکہ درست نہیں ہے۔ برقی عہدیداروں کی جانب سے اس بات کی توثیق کی جارہی ہے کہ شہر کے کئی علاقوں میں عوام کی جانب سے برقی بلز کی بروقت ادائیگی کے ساتھ ساتھ برقی چوری کے خاتمہ کے رجحان میں بھی زبردست اضافہ ہوا ہے۔ اسی لئے عوام کو چاہئے کہ وہ محکمہ برقی کی جانب سے چلائی جانے والی اس مہم میں تعاون کریں۔