برقی ملازمین کی ہڑتال ختم انتظامیہ سے بات چیت کامیاب

حیدرآباد۔26 مئی ( سیاست نیوز) برقی ملازمین کی مشترکہ مجلس عمل نے گذشتہ دو دن سے جاری ہڑتال کو انتظامیوں کے ساتھ بات چیت کے بعد ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور آج نصف شب سے ڈیوٹی پر رجوع ہوجانے کا اعلان کیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ انتظامیہ نے باقاعدہ برقی ملازمین کیلئے 27.5 فیصد اور کنٹراکٹ کی اساس پر کام کرنے والے برقی ملازمین کیلئے 10فیصد عبوری راحت فراہم کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ ایم ڈی اے پی ٹرانسکو و ایم ڈی جینکو سے بات چیت کامیاب ہونے کے بعد ملازمین کی مشترکہ مجلس عمل قائدین نے ہڑتال سے دستبرداری اختیار کرنے کا اعلان کیا اور بتایا کہ 12 بجے شب سے تمام ملازمین ڈیوٹی پر حاضر ہوجائیں گے اور جہاں برقی سربراہی میں خلل اندازی ہوئی ہے جنگی خطوط پر بحال کرنے اقدامات کرنے کے علاوہ برقی پیداواری اسٹیشنوں پر برقی کی پیداوار کو بحال کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

ریاست میں تین برقی اسٹیشنس بند
وجئے واڑہ 26 مئی ( پی ٹی آئی ) ساری ریاست آندھرا پردیش بشمول علاقہ تلنگانہ شدید برقی بحران کا شکار ہے کیونکہ برقی ملازمین نے اتوار کی صبح سے ہڑتال شروع کردی ہے ۔ ریاست کے تین بڑے برقی پیدوار اسٹیشنس نرلا ٹاٹا راؤ تھرمل پاور اسٹیشن ( وجئے واڑہ ) رائلسیما تھرمل پاور اسٹیشن ( مدانور ) اور کتہ گوڑم تھرمل پاور اسٹیشن ( نیو پالونچہ ) آج صبح سے پوری طرح بند کردئے گئے ہیں۔ وجئے واڑہ اسٹیشن کی پیداوار 1750 میگاواٹ برقی تیاری کی ہے جبکہ رائلسیما پلانٹ کی تیاری صلاحیت 1050 میگا واٹ اور کتہ گوڑم کی 1750 میگاواٹ برقی پیداوار کی ہے ۔ نرلا ٹاٹا راؤ تھپرمل پاور اسٹیشن کے چیف انجینئر جے سامیا نے کہا کہ برقی پیداوار صفر ہوگئی ہے کیونکہ ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے ۔ آندھرا پردیش سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹیڈ کے سپرنٹنڈنگ انجینئر موہن پرساد نے کہا کہ صورتحال بہت سنگین ہوتی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دن کے اوقات میں ضلع کرشنا میں پانچ مرتبہ بریک ڈاؤن ہوا ہے اور عہدیداروں نے جزوقتی ملازمین کی مدد سے اسے ٹھیک کیا ۔ زیادہ استعمال کے نتیجہ میں رات کے اوقات میں کئی مرتبہ بریک ڈاؤنس کے اندیشے ہیں۔ تاہم فی الحال مرکزی گرڈ اور خانگی شعبہ کی کمپنیوں سے 7,000 میگاواٹ برقی دستیاب ہے ۔