برقی مسائل کو بہت جلد حل کرنے کے ٹی راما راؤ کا تیقن

شمس آباد ۔ 16 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : کے ٹی راما راؤ نے ایرپورٹ میں پراٹ اینڈ وائٹس ایرکرافٹ انجینئر اینڈ ٹکنالوجی کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے دور میں ریاست تباہی کے راستہ پر چلی گئی تھی ۔ جس کا نقصان موجودہ حکومت کو اٹھانا پڑرہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں برقی کا مسئلہ بہت ہی سنجیدہ ہوتا جارہا ہے ۔ برقی کے مسئلہ کو حل کرنے کے لیے اقدامات کے سلسلہ میں تھرمل پور پلانٹ دو ہزار میگاواٹ اور ایک ہزار میگاواٹ سولار پلانٹ ڈالنے کی بات کی جارہی ہے اور کچھ ماہ میں برقی کا مسئلہ مکمل حل ہوجائے گا ۔ کسانوں کے بقایا جات کو بھی معاف کیا جائے گا ۔ اور کسی بھی کسان کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی خود کشی کرنے کی ضرورت ہے ان کے بھی تمام مسائل کے حل کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ فوڈسیکوریٹی کارڈ اور پنشن کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ فوڈ سیکوریٹی کارڈ کے آنے کے بعد تمام مستحق افراد کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے انہیں ضروری اجناس مہیا کی جائے گی اور پنشن ہر مستحق کو ملے گا جس کے لیے ٹی آر ایس حکومت سنجیدہ ہے ۔۔