حیدرآباد۔/12اکٹوبر، ( این ایس ایس) تلنگانہ کے وزیر تعلیم جی جگدیش ریڈی نے ریاست میں برقی بحران پر کے سی آر حکومت پر تنقید کرنے والے تلنگانہ کے تلگودیشم قائدین کو آج چیلنج کیا کہ وہ برقی بحران کے مسئلہ پر کھلے مباحثہ کیلئے آگے آئیں جس کے ذمہ دار سوائے تلگودیشم پارٹی سربراہ اور چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کے کوئی اورنہیں ہیں۔ آج یہاں تلنگانہ بھون میں ابراہیم پٹنم کے تلگودیشم اور کانگریس پارٹی قائدین کو پارٹی میں شامل کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی قائدین مسٹر نائیڈو سے بیزار ہوگئے ہیں اور حکمراں پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ریاست تلنگانہ کی ترقی کے خلاف چندرابابو نائیڈو کی سازش ظاہر ہورہی ہے اس لئے تلگودیشم قائدین احتجاجاً پارٹی چھوڑ رہے ہیں اور ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں۔ جگدیش ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چندرا بابو نائیڈو نے ان کے نو سالہ دور حکومت میں تلنگانہ میں ایک بھی برقی پراجکٹ کو مکمل نہیں کیا۔