برقی قلت سے نمٹنے موثر اقدام کئے جائیں

چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس :دوسری ریاستوں سے خریدی کا مشورہ

حیدرآباد 26 جون ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج محکمہ توانائی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں برقی کی قلت سے نمٹنے کیلئے مختصر مدتی اور طویل مدتی منصوبے تیار کریں اور قلت کو دور کرنے موثر اقدامات کئے جائیں ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر نے ریاست میں برقی کی قلت کی صورتحال کا ایک اجلاس میں جائزہ لیا کیونکہ اے پی جینکو کی جانب سے عمدا شرارت کے نتیجہ میں ریاست میں بحران کی کیفیت پیدا ہوئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ مسٹر چندر شیکھرراؤ نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ دوسری ریاستوں میں تلنگانہ کو فروغ کیلئے برقی کی دستیابی کے تعلق سے معلومات حاصل کریں اور اس کی قیمت کا جائزہ لیتے ہوئے ایک منصوبہ تیار کریں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ دوسری ریاستوں جیسے کرناٹک کے چیف منسٹرو ں سے بات چیت بھی کرینگے ۔ کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ موجودہ بحران دو طرح کا ہے ۔ ایک آندھرا پردیش کا پیدا کردہ ہے اور دوسرا خشک سالی کی وجہ سے ہے ۔ مختصر مدتی منصوبہ کے تحت چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ دستیاب ذرائع بشمول خانگی ادارو ں سے بھی برقی کی خریدی عمل میں لاتے ہوئے قلت پر قابو پانے کے اقدامات کریں۔ چیف منسٹر نے چھتیس گڑھ جیسی ریاستوں سے بھی معاہدہ کرنے کا اشارہ دیا جہاں کوئلہ کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ امکان ہے کہ چیف منسٹر ایک دو دن میں چھتیس گڑھ کا شخصی طور پر دورہ بھی کرینگے تاکہ وہاں چیف منسٹر رمن سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے وہاں سے برقی خریدنے کے تعلق سے بات کرسکیں۔ ذرائع کے بموجب چیف منسٹر نے کہا کہ محکمہ زراعت صنعتی شعبہ کے علاوہ گھریلو برقی صارفین و دیگر ہنگامی خدمات کیلئے سربراہی میں بہتری پیدا کرناضروری ہے۔ اجلاس میںعہدیداران محکمہ توانائی نے چیف منسٹر کو تلنگانہ میں برقی بحران کی حالت سے واقف کروایا ۔